یوکرین پر روسی حملہ یقیناً کھاد کی عالمی منڈی کو متاثر کرےگا ،مطہرنیاز رانا
کوئٹہ(ویب ڈیسکچیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا کی زیر صدارت صوبے میں یوریا کھاد کی اسمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ محمد ہاشم غلزئی ، آئی جی پولیس محسن حسن بٹ ، کمشنر کوئٹہ سہیل الرحمن بلوچ ، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ عرفان نواز میمن، کرنل 12 کور وجاہت جبکہ ڈویڑنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی۔ چیف سیکرٹری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین پر روسی حملہ یقیناً کھاد کی عالمی منڈی کو متاثر کرے گا اور کھاد کی قلت پیدا ہوسکتی ہے جس سے کھاد کی صوبے سے اسمگلنگ ہونے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ
صوبے کے اندرونی اور خارجی راستوں پر کڑی نظر رکھی جائے تاکہ صوبے سے کھاد کی اسمگلنگ کا تدارک کیا جاسکے۔ انہوں نے کھاد کی زخیرہ اندوزی کرنیوالوں کے خلاف کارروائی کی بھی ہدایت کی۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ یوریا کھاد کی اسمگلنگ روکنے کے لیے بلوچستان بارڈرز اور مختلف شاہراہوں پر موبائل چیک پوسٹیں قائم کیے جائیں اور یہ چیک پوسٹیں صرف کھاد کی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے ہونگی۔ انھوں نے کہا کہ ملک کے دیگر صوبوں میں لمپی اسکن بیماری پھیل گئی ہے جس سے سینکڑوں جانور مر گئے ہیں اور یہ بیماری ایک جانور سے دوسرے جانوروں میں منتقل ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے دوسرے صوبوں کے متاثرہ علاقوں سے جانوروں کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کی ہے اور اس کے لیے صوبے میں دفعہ 144 بھی نافذ کردی گئی ہے۔