یورپین یونین کا کورونا متاثرہ معیشت کی بحالی کیلئے 540 ارب یورو کا اعلان
جنیوا:یورپین یونین نے کورونا وائرس سے متاثرہ معیشت کی بحالی کیلئے 540 ارب یورو کا اعلان کیا ہے، اعلان گذشتہ دو روز سے جاری یورپین وزرائے خزانہ کے اجلاس کے بعد سامنے آیا۔اس حوالے سے یورو گروپ کے صدر ماریو سینتینو نے ایک پریس کانفرنس میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ہم نے کورونا وائرس سے معیشت کو پہنچنے والے نقصان سے بحالی کیلئے تین مراحل پر مشتمل پلان پر اتفاق کیا ہے۔اس کی بنیاد اس بات پر ہے کہ ہم اس مشکل وقت سے اکیلے اکیلے نہیں بلکہ مشترکہ طور پر نکل کر ترقی کر سکتے ہیں ۔اس حوالے سے مزید تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ 240 ارب کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ممالک کے قرض کیلئے رکھے گئے ہیں جو یورپین اسٹیبیلٹی میکانزم کے تحت یورپین بیل آؤٹ فنڈ سے ادا کئے جائیں گے۔200 ارب یورو یورپین انویسٹمنٹ بینک کے ذریعے ملیں گے جبکہ 100 ارب یورو یورپین کمیشن کے ذریعے اس وائرس کی آمد سے بیروزگار ہونے والے یورپین ورکرز کے تحفظ کیلئے خرچ کئے جائیں گے ۔دوسری جانب یورپین وزرائے خزانہ کے درمیان ’کورونا بانڈ ‘ جاری کرنے یا مشترکہ واجب الادا قرض کے خیال پر اتفاق نہیں ہو سکا۔اس اجلاس سے قبل کرونا سے اس وقت تک سب سے زیادہ متاثرہ ملک اٹلی کے وزیر اعظم نے کچھ ممبر ریاستوں کی جانب سے بحالی کے پیکیج کی مخالفت کرنے پر متنبہ کیا تھا کہ اگر ممبر ریاستوں نے کروناوائرس سے متاثرہ معیشت کی بحالی کیلئے مشترکہ اقدام نہ کیا تو یورپ ٹوٹ جائے گا ۔