نئے قائد ایوان کے لئے شہبازشریف اور شاہ محمود قریشی کے کاغذات نامزدگی جمع
اسلام آباد(ویب ڈیسک) گزشتہ روز عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد اب نئے قائد ایوان کے انتخاب کا عمل شروع ہوچکا ہے، جس کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لئے آج دوپہر 2 بجے تک کا وقت دیا گیا تھا۔
متحدہ اپوزیشن کی جانب سے نئے قائد ایوان کے لیے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے گئے ہیں۔ شہبازشریف نے خود کاغذات نامزدگی جمع کروائے اور خواجہ آصف اور رانا تنویر شہباز شریف کے تائید کنندہ اور تصدیق کنندہ ہیں۔ شہبازشریف کی جانب سے 12 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں۔
دوسری جانب تحریک انصاف نے بھی میدان کھلا نہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے اور نئے قائد ایوان کے لئے سابق وزیرخارجہ اور پی ٹی آئی کے نائب صدر شاہ محمود قریشی کے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے ہیں۔ شاہ محمود قریشی کے تائید کنندہ اور تصدیق کنندہ عامر ڈوگراورعلی محمد خان ہیں۔ جب کہ شاہ محمود قریشی کی جانب 4 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں۔