جوہری معاہدے پر ایرانی فیصلہ، چینی صدر کا سعودی فرمان روا سے رابطہ
بیجنگ چینی صدر شی جن پنگ نے ایران کی جانب سے 2015 کے جوہری معاہدے سے جزوی طور پر دست برداری کے بعد بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر سعودی فرمان روا شاہ سلمان سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے دو طرفہ تعلقات سمیت خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔غیر ملکی خبر ایجنسی ‘رائٹرز’ کی رپورٹ کے مطابق شی جن پنگ کی جانب سے سعودی فرمان روا سے رابطہ ایران کے اس اعلان کے فوری بعد کیا گیا ہے جس میں ایران نے دھمکی دی تھی کہ اگر دیگر ممالک نے امریکا کے خلاف ان کا ساتھ نہ دیا تو مزید اقدامات کیے جائیں گے۔چینی وزارت خارجہ کا دونوں رہنماوں کے درمیان رابطے کے حوالے سے کہنا تھا کہ صدر شی جن پنگ نے شاہ سلمان سے دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بات کی۔شی جن پنگ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی جانب سے چین اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کی بہتری اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے کی جانے والی فعال کوششوں کو سراہتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ چین، سعودی عرب کی قومی خودمختاری کی سلامتی، سیکیورٹی اور استحکام کے لیے کوششوں کو بھی سراہتا ہے اور معاشی اہداف کے حصول کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔قبل ازیں چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گینگ شوانگ کا کہنا تھا کہ 2015 کے جوہری معاہدے پر ایران، روس، چین، برطانیہ، فرانس، جرمنی اور امریکا کے درمیان دستخط ہوئے تھے جس پر مکمل اور موثر انداز میں عمل درآمد ہونا چاہیے۔