پاکستان اور بھارت میں جنگ بندی کا اعلان، اسحاق ڈار اور ڈونلڈ ٹرمپ کی تصدیق
پاکستان اور بھارت میں جنگ بندی کا اعلان، اسحاق ڈار اور ڈونلڈ ٹرمپ کی تصدیق
اسلام آباد: نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے پاکستان اور بھارت کے درمیان فوری جنگ بندی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن و استحکام کے لیے سنجیدہ کوششیں کی ہیں، تاہم ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا گیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ “ایکس” پر اپنے بیان میں اسحاق ڈار نے کہا کہ دونوں ممالک نے شام ساڑھے 4 بجے سے سیزفائر پر اتفاق کر لیا ہے، اور اب آئندہ بات چیت میز پر ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان نے پہلے ہی کہا تھا کہ اگر بھارت رکے گا تو ہم بھی جواب نہیں دیں گے، مگر بھارتی جارحیت جاری رہی جس کا پاکستان نے بھرپور اور مؤثر جواب دیا۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی سیزفائر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ رات بھر پاکستان اور بھارت کے درمیان امریکی ثالثی میں مذاکرات ہوتے رہے، جس کے بعد دونوں ممالک فوری جنگ بندی پر راضی ہو گئے۔ ٹرمپ نے دونوں ممالک کی قیادت کو سمجھداری کا مظاہرہ کرنے پر مبارکباد دی اور ان کا شکریہ ادا کیا۔
ادھر ذرائع کے مطابق پاکستان کی جانب سے بھارتی حملوں کے جواب میں آج فجر کے وقت آپریشن “بُنۡیَانٌ مَّرْصُوْص” کا آغاز کیا گیا، جس کے تحت پاک فوج نے بھارتی علاقے بیاس میں براہموس میزائل اسٹوریج سائٹ کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا۔ علاوہ ازیں ادھم پور اور پٹھان کوٹ ایئربیسز، اڑی سیکٹر میں سپلائی ڈپو، جی ٹاپ بریگیڈ ہیڈ کوارٹرز اور آدم پور ایئر فیلڈ کو بھی کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔
ذرائع کے مطابق بھارتی جارحیت میں سکھوں، پاکستان اور افغانستان پر حملے کیے گئے تھے، جن کا مؤثر جواب دیتے ہوئے پاکستان نے بھارت کے جنگی عزائم کو ناکام بنا دیا۔