وزیراطلاعات کا تقرر کیا جائے،صنعت کے تحفظ کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز ایک پیج پر ہونگے،ایکش کمیٹی

0 88

کوئٹہ (پ ر) ایکشن کمیٹی اخباری صنعت بلوچستان کا علامتی احتجاجی کیمپ ساتویں روز بھی جاری رہا۔ علامتی احتجاجی کیمپ میں اخبارات و جرائد کے مدیران کی بڑی تعداد شریک جبکہ انجمن اخبار فروشاں کے نمائندگان بھی موجود رہے۔احتجاجی کیمپ میں شریک مدیران اور ذمہ داران کو ایکشن کمیٹی کے جنرل سیکرٹری مرتضیٰ ترین نے تاحال ہونیوالی پیشرفت سے آگاہ کیا۔احتجاجی کیمپ کے شرکاء نے اپنا مطالبہ دھراتے ہوئے کہا کہ اشتہارات کو BPPRA پر منتقل کرنے سے پوری اخباری صنعت بندش کی طرف چلی جائے گی
صوبے کی واحد صنعت کی بندش کی وجہ سے ہزاروں لوگ بیروزگار ہو جائیں گے۔ بلوچستان کے معروضی حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے حکومت پرنٹ میڈیا اور وابستہ لوگو ں کی سرپرستی کرے۔باہمی رضامندی سے ایسی مثبت پالیسیاں تشکیل دی جائیں جس سے اخبارات وجرائد سمیت صنعت سے وابستہ ہر شعبہ بہتر انداز میں مستفید اور حکومتی تشہیر بھی مزید بہتر انداز سے ہوسکے۔
علامتی احتجاجی کیمپ کے شرکاء کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے پوری اخباری صنعت کو مزید بہتر اقدامات کی امیدیں وابستہ ہیں کیونکہ موجودہ دور حکومت میں ہی فنڈز کی کمی کا دیرینہ مسئلہ حل ہوپایا ہے جس کے سبب اخباری صنعت کے مسائل میں کافی حد تک کمی ہوئی ہے،شرکاء نے وزیراعلیٰ سے مطالبہ کیا کہ صوبے کی واحد اخبار مارکیٹ کے مسائل تاحال حل طلب ہیں جس پر آپ کے احکامات کے باوجود عملدرآمد نہیں ہو پایا۔
علامتی احتجاجی کیمپ کے شرکاء نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کی واحد صنعت کے تحفظ کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز ایک پیج پر ہونگے۔احتجاجی کیمپ کے شرکاء نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے مطالبہ کیا کہ جلد از جلد وزیراطلاعات کا تقرر کیا جائے تاکہ صوبائی محکمہ اطلاعات مزید فعال اور موثر کردار ادا کرسکے۔

You might also like

Leave A Reply

Your email address will not be published.