صحت مند تعلمی ماحول کو فروغ دینا ہوگا ،گورنر بلوچستان
کوئٹہ (ویب ڈیسک )گورنربلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ یونیورسٹی صرف ایک تعلیمی ادارہ نہیں بلکہ یہ آنے والی نسلوں کے لئے علمی وشعوری تحفظ کا ایک موثر اور معتبر ذریعہ بھی ہے.
اسی مناسبت سے یونیورسٹی کے سینٹ کا ممبر بننا اعزاز کے ساتھ ساتھ ایک ذمہ داری بھی ہے. لہٰذا ضروری ہے کہ ہم سب ملکر صوبہ میں اعلیٰ تعلیم کے معیار کو برقرار رکھنے، صحتمند تعلیمی ماحول کو فروغ دینے اور نوجوانوں کے اذہان کو جدید علم و سائنس کی روشنی سے روشن کرنے میں اپنا کردار ادا کریں.
انہوں نے کہا کہ ہماری خصوصی توجہ اور شعوری جدوجہد سے صوبہ کے اعلیٰ تعلیمی ادارے پائیدار ترقی اور استحکام کی راہ پر گامزن ہو چکے ہیں۔
سینٹ اجلاس میں خضدار انجینئرنگ یونیورسٹی کے انتظامی اور تدریسی امور و معمولات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا اور اجلاس میں موجود شرکاء کی تجاویز اور سفارشات کے نتیجے میں کئی اہم فیصلے کئے گئے۔