وزیراعظم کے 16 مشیروں کی تقرریوں کے خلاف درخواست سماعت کیلئے منظور
لاہور: (ویب ڈیسک ) لاہور ہائیکورٹ نے وزیراعظم کے 16 مشیروں کی تقرریوں کے خلاف درخواست سماعت کیلئے منظور کر لی۔
چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس محمد قاسم خان نے ایڈوکیٹ ندیم سرور کی درخواست پر سماعت کی جس میں مشیروں کی تقرری اور معاونین کی تعنیاتی کوچیلنج کیا گیا ہے۔ درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دیئے کہ آئین کے آرٹیکل 2 اے کے تحت غیر منتخب شخص ریاست کے اختیارات کا استعمال نہیں کر سکتا جبکہ دہری شہریت کے حامل وزیراعظم کے مشیران خاص ریاست پاکستان کیلئے سکیورٹی رسک ہیں لہذا مشیران کو عہدوں سے ہٹا کر کام سے روکا جائے۔
چیف جسٹس قاسم خان نے وفاقی حکومت، عبدالحفیظ شیخ، عبدالرزاق داؤد، امین اسلم اور ڈاکٹر عشرت حسین، ڈاکٹر بابر اعوان، محمد شہزاد ارباب، مرزا شہزاد اکبر اور سید شہزاد قاسم، ڈاکٹر ظفر مرزا، معید یوسف، زلفی بخاری اور ندیم بابر کو نوٹسز جاری کر دیئے۔