ڈاکٹر قدیر خان کی جوہری خدمات پر زبردست الفاظ میں خراج عقیدت اورسلام پیش کرتے ہیں، عبد الرحمن رفیق
کوئٹہ ( ) جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبد الرحمن رفیق سنئیر نائب امیر مولانا خورشید احمد جنرل سیکریٹری حاجی بشیر احمد کاکڑ مولانا مفتی محمد روزی خان مولانا قاری مہر اللہ شیخ مولانا احمد جان مولانا محمد ہاشم خیشکی مولانا محمد ایوب حافظ عبد الحق حقانی مولانا حکیم حبیب اللہ مولانا محمد اشرف جان مفتی غلام نبی محمدی مولانا مفتی عبد الغفور مدنی حاجی محمد شاہ لالا شیخ مولانا عبد الاحد حافظ سراج الدین مولانا حافظ سردار محمد نورزئی مولانا مفتی رحمت اللہ اور دیگر نے محسن پاکستان ڈاکٹر قدیر خان کی وفات پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے والے محسن کی تذلیل پرآنے والی نسلیں بھی شرمسار ہوں گی، وطن عزیز کو جوہری پروگرام کے ذریعے ملکی دفاع کو مظبوط بنانے کے جرم میں پانچ سال تک نظر بند رکھ کر ایک بزدل جرنیل نے امریکہ کے دباؤ پر قومی ہیرو کو عالم دنیا کی فہرست میں پاکستان کو سربلند اور مظبوط بنانے کی پاداش میں بطور غدار پیش کرکے انہیں امریکہ حوالگی پر راضی ہوگیا تھا، اور محسن پاکستان ڈاکٹر قدیر خان کو اس حدتک مجبور کیا گیا کہ وہ ٹی وی پر آکر قوم سے معافی مانگیں، انہوں نے کہا کہ محسن کشی کے اس باب میں ہماری تاریخ انتہائی سیاہ ہے جس پر بائیس کروڑ عوام خفت اور شرمندگی محسوس کررہے ہیں، جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ نے محسن پاکستان ڈاکٹر قدیر خان مرحوم کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات اور قابلِ فخرکردار ہمیشہ بطور محب وطن یاد رکھا جائے گا لیکن افسوس جس اعزاز اور مقام کے وہ حقدار تھے ان کے برعکس ان سے برتاؤ کیا گیا،اس کے مقابل میں روایتی حریف بھارت نے اپنے جوہری سائنسدان کو ملک کا صدر بنایا اور ہم نے اسیر بناکر ان کی تذلیل میں کوئی کمی نہیں کی انہوں نے کہا کہ مشرف کی پیروکار حکومت کو ڈاکٹر قدیر خان کو اب اعزاز اور یاد کرنے کا کوئی حق نہیں جنہوں نے زندگی کے آخری ایام میں بھی ڈاکٹر کو مایوس اور دل برداشتہ رکھا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر قدیر خان کی تذلیل کرنے والے اس وقت کے آمر بھی یہی زبان استعمال کررہا تھا کہ سب کچھ ملک کے مفاد میں ہورہا ہے،جو زبان آج کشمیر کاز اور ملک کے بارےمیں ہمارے کٹھ پُتلی حکومت استعمال کررہی ہے جمعیت علماء اسلام کے رہنماؤں نے کہا کہ اس قسم کے بزدل حکمرانوں کا راستہ روکنے کے لیے تمام عوام کو اٹھ کھڑا ہونا ہوگا۔