تعلیمی اداروں میں کسی کو اپنی اجارہ داری قائم کرنے کی اجازت نہیں دینگے، جام کمال
اوتھل(نامہ نگار) سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان عالیانی نے کہا ہے کہ پچھلے کئی دنوں سے لوگ شکایت کر رہے ہیں کہ ایک مخصوص طبقے نے لسبیلہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر اینڈ واٹر میرین سائنسز اوتھل پر اجارہ داری قائم کر رکھی ہے اور وائس چانسلر لسبیلہ یونیورسٹی بھی علاقہ پرستی کو فروغ دے رہے ہیں اور لسبیلہ کے علاقائی لوگوں ملازمین لیکچرار سمیت عملے کے ساتھ ایک نامناسب رویہ رکھا جارہا ہے ۔ یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے وائس چانسلر لسبیلہ یونیورسٹی کو پیغام پہنچا دیا ہے اور اس بات پر زور دیا ہے کہ اگر یہی رویہ رکھا گیا تو نہ صرف اس حوالے سے اعلیٰ حکام کو آگاہ کیا جائے گا بلکہ سخت احتجاج کیا جائے گا۔سابق وزیر اعلیٰ جام کمال خان نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں کسی کو اپنی اجارہ داری قائم کرنے کی اجازت نہیں دینگے۔