نگران حکومت لوگوں کو مہنگائی سے نجات دلائے ،جمال شاہ کاکڑ

0 82

)پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے جنرل سیکرٹری جمال شاہ کاکڑ نے بڑھتی ہوئی مہنگائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اور انتظامیہ اپنے اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے لوگوں کو مہنگائی سے نجات دلائے۔ جس طرح تندور والوں نے مہنگائی کے تناسب سے اپنے ریٹ بڑھانے کے لئے ہڑتال کر رکھی ہے لوگوں کی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے اس کا تدارک ممکن بنایا جائے۔ اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہاکہ نگران حکومت اور انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کا نوٹس لے جس طرح ڈالر اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی تھی اس پر عمل پیرا ہوکر عوام کو اشیاءخوردونوش اور روز مرہ کے استعمال کی چیزوں کی قیمتوں میں بھی اسی تناسب سے کمی لائی جاتی جس طرح پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد کھانے پینے کی چیزوں کی قیمتوں میں دکاندار خود ہی اضافہ کرلیتے تھے اسی طرح انہیں خود بھی قیمتوں میں کمی کرکے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہئے تھا لیکن ایسا نہیں کیا گیا اس لئے ضلعی انتظامیہ ، پرائس کنٹرول کمیٹی اور مجسٹریٹس کو اپنے فرائض کی بجا آوری کو یقینی بناتے ہوئے گراں فروشوں ، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائی کرنی چاہئے تاکہ مصنوعی اور خود ساختہ پیدا کی گئی مہنگائی کا سدباب کرکے لوگوں کو ریلیف دیا جاسکے۔ حکومت اور انتظامیہ نے سستا بازار کا انعقاد کرکے اچھا اقدام اٹھایا ہے اس کو تواتر کے ساتھ جاری رکھنا چاہئے تاکہ لوگوں کو سستے داموں اشیاءخوردونوش میسر آسکیں۔

You might also like

Leave A Reply

Your email address will not be published.