کوئٹہ صوبائی مشیر کھیل و ثقافت عبدالخالق ہزارہ نے کہا ہے کہ
کوئٹہ صوبائی مشیر کھیل و ثقافت عبدالخالق ہزارہ نے کہا ہے کہ جس ملک میں کھیلوں کے میدان آباد ہوتے ہیںوہاں پر ہسپتال ویران ہوجاتے ہیں اور ایسی سر گرمیوں سے ملک کی ترقی اور خوشحالی یقینی ہوتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے قیوم پاپا فٹبال اسٹیڈیم اور صفدر بابل ہاکی گراؤنڈز کے دورہ کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سیکریٹری کھیل احمد رضا خان اور ڈائریکٹر جنرل کھیل درابلوچ و دیگر انکے ہمراہ موجود تھے اس موقع پر صوبائی مشیر کھیل کا کہنا تھا کہ ماضی میں مذکورہ گراؤنڈز کی مد میں کرپشن، تعمیر و مرمت کے کام میں تاخیر، غیرمعیاری اور ناقص میٹریل کے استعمال سے کھیل کے شعبے کو کافی نقصان اٹھانا پڑا فٹبال گراؤنڈ میں کروڑوں روپے صرف ایک لیٹرین پر خرچ کئے گئے ۔کھلاڑیوں کے لئے گراؤنڈز کے دروازے سازش کے تحت بند کردیے گئے تھے ہاکی گراؤنڈ کے اسٹروٹرف کے لیے کروڑوں روپے جاری ہوئے مگر چند لاکھ کا غیر معیاری اسٹرو ٹرف خریدا گیا انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو کھیل سے دورکرکے ان کے مستقبل سے کھیلا گیا انہوں نے کہا کہ اب ایسا نہیں ہوگا ہم کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دیں گے موجودہ صوبائی حکومت کھیلوں کی بہتری کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بروے کار لا رہی ہے انہوں نے سیکریٹری کھیل کو ٹھیکیدار اور متعلقہ حکام کو طلب کرنے اور جاری کام کی رپورٹ پیش کرنے کے احکامات جاری کیے۔