شاہد خاقان اور احسن اقبال کے بعد شہباز شریف کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا، خود کو قرنطینہ کر لیا
لاہور : سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال کے بعد مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کورونا ٹیسٹ کانتیجہ بھی مثبت آ گیا ہے۔مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے بتایا کہ شہبازشریف ڈاکٹروں کی ہدایات پر چل رہے ہیں، وہ بار بار کورونا کے ٹیسٹ کرا رہے تھے۔مریم اورنگزیب نے بتایا کہ شہباز شریف کے کورونا کے ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آ گیا ہیاس متعلق (ن) لیگ رہنما عطاء اللہ تارڑنے کہا کہ قوم سے دعاؤں کی درخواست ہے، اللہ تعالی شہباز شریف کو جلد صحتیاب کرے، شہبازشریف کوان حالات میں نیب میں طلب کرکے انکی زندگی کو خطرے میں ڈالا گیا ہے۔ تحریری طور پر نیب کو متعدد بار آگاہ کیا کہ شہبازشریف کینسر کے مرض میں مبتلا رہے ہیں اور انکی قوت مدافعت عام لوگوں کی نسبت کم ہے۔ یہاں تک کہ ویڈیو لنک پر تفتیش کرنے کی پیشکش کی گئی تھی۔عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ 9 تاریخ کو نیب کی پیشی کے علاوہ نہ کسی سے ملاقات کی اور نہ ہی کہیں اور گئے، اگر میاں شہباز شریف کو کچھ ہوا تو عمران نیازی اور نیب ذمہ دار ہوں گے۔ ۔خیال رہے کہ اس سے قبل مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، طارق فضل چوہدری اور مریم اورنگزیب کی والدہ کا ٹیسٹ بھی مثبت آ چکا ہے۔