خلا میں ایک ہزار دن گزارنے والا پہلا انسان
ماسکو: روس سے تعلق رکھنے والے سائنسدان نے خلا میں ایک ہزار دن گزارنے کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اولیگ کونونینکو نے 5 جون کو خلا میں ایک ہزار دن گزارنے والے پہلے انسان ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ اس سے قبل فروری میں انہوں نے خلا میں سب سے زیادہ 878 دن گزارنے کا ریکارڈ قائم کیا تھا۔ جو اس سے پہلے روس کے ہی ایک سائنسدان کے پاس تھا۔دونوں خلا بازوں نے یہ ریکارڈ کسی ایک مشن میں قائم نہیں کیا تھا
بلکہ 5 مشنز میں ایسا ممکن ہوا مگر اولیگ کونونینکو کے مشنز کا دورانیہ زیادہ طویل تھا اور وہ مستقبل میں بھی کافی وقت خلا میں گزاریں گے۔اگر سب کچھ ٹھیک رہا تو ستمبر 2024 کو انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن سے روسی سائنسدان کی زمین پر واپسی ہو گی اور اس وقت تک خلا میں ان کے قیام کی مدت 1110 دن ہو جائے گی۔انہوں نے روسی خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آپ کچھ نیا اور اہم حاصل کر سکتے ہیں اور نامعلوم چیزوں کو چھو سکتے ہیں۔ اس سے آپ کو اعتماد ملتا ہے مگر ابھی بھی وہ ایک مشن میں سب سے زیادہ دن خلا میں گزارنے کا ریکارڈ اپنے نام نہیں کرسکے ہیں۔