اشیاءخوردونوش کے کاروبار کیلئے فوڈ بزنس لائسنس کا حصول لازمی ہے،ڈی جی فوڈعتیق اللہ خان
ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی عتیق اللہ خان نے کہا کہ اشیاء خوردونوش کے کاروبار کیلئے فوڈ بزنس لائسنس کا حصول لازمی ہے ، لائسنس کی موجودگی کاروبار قانون کے مطابق ہونے کی ضمانت ہے ، خوراک کے کاروبار سے منسلک افراد اتھارٹی سے ترجیحی بنیادوں پر لائسنس حاصل اور موجودہ لائسنس کی تجدید کروائیں بصورت دیگر قانونی کارروائی کیلئے تیار رہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بی ایف اے ہیڈ کوارٹر میں اتھارٹی کے اقدامات سے متعلق منعقدہ ایک اہم جائزہ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں مختلف اضلاع میں اتھارٹی ٹیموں کی کارروائیوں ، آپریشن و لائسنسنگ ونگ کی مجموعی کارکردگی اور کھانے پینے کے مراکز کیلئے لازمی فوڈ بزنس لائسنسنگ کے اجراء کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔اجلاس میں مختلف شعبوں کے ڈائریکٹرز ، ڈپٹی ڈائریکٹرز و اسسٹنٹ ڈائریکٹرز نے براہ راست اور بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی ۔اجلاس کے دوران ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی عتیق اللہ خان نے آپریشن ونگ کو لائسنس کے بغیر اشیاء خوردونوش کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف کاروائیاں مزید تیز کرنے جبکہ مسافروں کو معیاری خوراک کی یقینی فراہمی کے لیے مرکزی شاہراہوں پر قائم مراکز پر خصوصی نظر رکھنے کی ہدایت کی ۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے زونل انسپیکشن ٹیموں کو سرحدی اضلاع پر کھانے پینے کی مصنوعات کی مسلسل نگرانی کرنے اور ناقص اشیاء کی ترسیل روکنے کیلئے کاروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔علاوہ ازیں اجلاس کے دوران ڈائریکٹر جنرل نے کھانے پینے کی مختلف اشیاء خصوصاً کولڈرنکس ، جوس و دیگر مشروبات ، گوشت اور دودھ کے معیار کی جانچ کیلئے سیمپل کلیکشن و لیب ٹیسٹنگ میں اضافے سے متعلق بھی خصوصی ہدایات جاری کیں۔