پاکستان ریلوے کی 78 سالہ تاریخ کا دھماکہ خیز ریکارڈ، 93 ارب روپے کی کمائی
اسلام آباد (پ ر) — پاکستان ریلوے نے مالی سال 2024-25 کے دوران 93 ارب روپے کی ریکارڈ آمدن حاصل کر کے ادارے کی 78 سالہ تاریخ کا نیا باب رقم کر دیا ہے۔ وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کے مطابق، یہ آمدن گزشتہ سال کی 88 ارب روپے کی کمائی سے بھی بلند ہے، جس نے ریلوے کی ترقی کے لیے امید کی نئی کرن جگا دی ہے۔
ریلوے کی آمدن میں مسافر ٹرینوں سے 47.5 ارب روپے اور فریٹ سیکٹر سے 31.5 ارب روپے کا بڑا حصہ شامل رہا، جب کہ ملٹری ٹریفک سے 1.5 ارب روپے، دیگر کوچنگ ذرائع سے 3 ارب روپے اور متفرق ذرائع سے 9.5 ارب روپے حاصل ہوئے۔
وزارت ریلوے کے اعلامیے کے مطابق، کراچی ڈویژن نے سب سے زیادہ ریونیو جنریٹ کیا — مسافر سیکٹر میں 14.75 ارب روپے اور فریٹ سیکٹر میں 28 ارب روپے کے ساتھ سرفہرست رہا۔ لاہور ڈویژن 11.5 ارب روپے کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا، جب کہ ملتان، سکھر، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ نے بھی مختلف سطح پر کارکردگی دکھائی۔
وزیر ریلوے نے ادارے کے ملازمین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ محدود وسائل میں اتنی بڑی کامیابی کارکنوں کی محنت اور لگن کا نتیجہ ہے۔ اُنہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ مالی سال میں فریٹ سیکٹر کو مزید وسعت دیتے ہوئے اس کی آمدن کو 70 فیصد تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔