پونے ٹیسٹ،ویرات کوہلی کی ڈبل سنچری،بھارت نے جنوبی افریقہ کیخلاف601رنز پر پہلی اننگز ڈکلیئر کر دی
پونے: بھارت نے جنوبی افریقہ کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میں کپتان ویرات کوہلی کی ڈبل سنچری کی بدولت601رنز پر پہلی اننگز ڈکلیئر کر دی جس کے جواب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم مشکلات کا شکار ہے اور صرف36رنز پر3کھلاڑی پویلین لوٹ گئے ہیں۔بھارت کی جانب سے کپتان ویرات کوہلی254رنز بنا کر ناقابل شکست رہے جبکہ اگروال108،جدیجہ91 اور ریہانے59رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ جنوبی افریقہ نے 3وکٹوں کے نقصان پر 33رنز بنائے لئے۔بھارت کی جانب سے امیش یادیو نے2اور محمد شامی نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔جنوبی افریقہ کو بھارت کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کیلئے مزید565رنز درکار ہیں اور اسکی7وکٹیں ابھی باقی ہیں۔جمعہ کوپونے میں جاری دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز بھارت نے اپ اپنی پہلی نامکمل اننگز 3وکٹوں کے نقصان پر273رنز کا آغاز کیا تو بھارت کے کپتان ویرات کوہلی63اور اجنکیا ریہانے18رنز بنا کر وکٹ پر موجود تھے۔دونوں کھلا ڑیوں نے چوتھی وکٹ کیلئے178رنز کی پارٹنر شپ قائم کی اور ٹیم کا سکور376رنز تک پہنچا دیا۔ ریہانے59رنز بنا کر مہا راج کی گیند پر کیچ آئوٹ ہو گئے۔نئے آنے والے بلے باز رویندرا جدیجہ نے کپتان ویرات کوہلی کیساتھ مل کر پانچویں وکٹ کیلئے225رنز کی پارٹنر شپ قائم کر ٹیم کا سکور601رنز تک پہنچا دیا۔اس دوران ویرات کوہلی نے اپنی ڈبل سنچری سکور کی ۔ ویرات کوہلی نے کیریئر بیسٹ اننگز کھیلتے ہوئے ناقابل شکست 254رنز بنائے جس میں 2چھکے اور 33چوکے شامل تھے، اس اننگز میں انہوں نے 7ہزار رنز کا سنگ میل بھی عبور کیا، وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے ساتویں بھارتی بلے باز بن گئے ہیں، 30سالہ کوہلی اب تک ٹیسٹ کی 138اننگز میں 55.10کی اوسط سے 7054رنز بنا چکے ہیں جس میں 26سنچریاں اور 22نصف سنچریاں شامل ہیں۔رویندرا جدیجہ بدقسمتی سے اپنی سنچری سکور نہ کر سکے اور91رنز پر آئوٹ ہو گئے ۔جس کے بعد بھارت نے اپنی پہلی اننگز5وکٹوں کے نقصان پر601رنز پر ڈکلیئر کر دی۔جواب میں جنوبی افریقہ کا آغاز مایوس کن رہا اور پہلی وکٹ صرف2رنز پر ہی گر گئی جب ایڈن مارکرم بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے۔جنوبی افریقہ کی دوسری وکٹ13رنز پر گر گئی جب ڈین ایلگر6رنز پر یادیو کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔جنوبی افریقہ کے تیسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی بے وما تھے جو8رنز بنا کر پولین لوٹ گئے۔دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک جنوبی افریقہ نے 3وکٹوں کے نقصان پر 36رنز بنائے تھے۔بھارت کی جانب سے امیش یادیو نے2اور محمد شامی نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔جنوبی افریقہ کو بھارت کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کیلئے مزید565رنز درکار ہیں اور اسکی7وکٹیں ابھی باقی ہیں۔(رڈ)