میڈیا اکیڈمی کے قیام میں سینئر صحافیوں کا کردار لائق تحسین ہے،ڈی سی کوئٹہ
کوئٹہ(خ ن) ڈائریکٹرجنرل محکمہ تعلقات بلوچستان عامہ کامران اسداور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ شہک بلوچ نے کوئٹہ پریس کلب اور میڈیا اکیڈمی کا دورہ کیا ۔تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹرجنرل محکمہ تعلقات بلوچستان عامہ کامران اسداور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ شہک بلوچ نے منگل کو کوئٹہ پریس کلب اور زیر تعمیر میڈیا اکیڈمی کا دورہ کیا جہاں انہیں کوئٹہ پریس کلب کے صدر عبدالخالق رند نے پریس کلب اور میڈیااکیڈمی کے حوالے سے بریفننگ دی ۔اس موقع پرسینئر صحافی سابق صدر کوئٹہ پریس کلب رضا الرحمن ، کوئٹہ پریس کلب کے جنرل سیکرٹری بنارس خان،سینئر نائب صدر
افضل مغل ، ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ تعلقات عامہ اسلم ناصر بھی موجودتھے ۔ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ شہک بلوچ نے میڈیا اکیڈمی کی تعمیر کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی واحد میڈیا اکیڈمی کے قیام کا اعزاز بلوچستان کو حاصل ہوا ہے اس اکیڈمی کے قیام سے نوجوان صحافیوں کی پیشہ ورانہ تربیت میں معاونت ہوگی میڈیا اکیڈمی کے قیام میں سینئر صحافیوں کا کردار لائق تحسین ہے ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل محکمہ تعلقات عامہ بلوچستان کامران اسد نے میڈیا اکیڈمی کی فعالیت اور امور کو چلانے کے لئے سٹاف سمیت دیگر ضروری معاونت کی فراہمی کے لئے جلد ازجلد اجلاس بلانے کی یقین دہانی کروائی ۔انہوں نے کہا کہ جلد ہی سفارشات مرتب کر کے انہیں وزیراعلیٰ کو پیش کیا جائےگا تاکہ میڈیااکیڈمی کو فعال بنایا جاسکے ۔