موجودہ حکومت سیاحت کے شعبے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے،وزیراعلیٰ بلوچستان
پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ترمیمی بل 2020 ءکی منظوری اور ای او آئی سے متعلق بعض ضروری تبدیلیاں عمل میں لائی جائیں
سیاحت کے شعبے کی ترقی سے نہ صرف صوبے کی معیشت مضبوط ہوگی بلکہ مجموعی طور پر صوبے کے محاصل میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوگا
کوئٹہ( ویب ڈیسک ) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت سیاحت کے شعبے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔ صوبے کے سیاحتی مقامات خاص طور سے طویل ساحلی پٹی اور یہاں کے تفریحی مقامات کو سیاحوں کے لئے پرکشش بنانے کے لئے تمام تر دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے،
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان کوسٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے سونمیانی بے پر بیچ اور کھیلوں کی سرگرمیوں کے حوالے سے منصوبے کے لئے نجی سرمایہ کاروں کی شرکت سے متعلق ایکسپریشن آف انٹرسٹ پر ہونے والی پیشرفت سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا،
اجلاس میں پارلیمانی سیکریٹریز محترمہ بشریٰ رند، دھنیش کمار، چیف سیکریٹری بلوچستان فضیل اصغر، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو قمر مسعود، ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی وترقیات عبدالرحمن بزدار، سیکریٹری اطلاعات شاہ عرفان غرشین، سیکریٹری ایمپلی مینٹیشن عبداللہ خان اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی، اجلاس کو ڈائریکٹر جنرل بلوچستان کوسٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (بی سی ڈی اے) نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سونمیانی بے پر سیاحت اور کھیلوں کے فروغ کے منصوبے کے لئے ایکسپریشن آف انٹرسٹ کا اجراءکیا گیا ہے جس سے نجی شعبہ کی شراکت داری ممکن ہوسکے گی،
اجلاس میں وزیراعلیٰ نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ترمیمی بل 2020 ءکی منظوری اور ای او آئی سے متعلق بعض ضروری تبدیلیاں عمل میں لائی جائیں، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اس اہم نوعیت کے منصوبے کے لئے پہلے مرحلے میں 200ایکڑ اراضی کے لئے رینٹل بنیادوں پر ٹینڈر کا اجراءکرتے ہوئے اس کو علاقے کی ترقی کے عمل کے ساتھ مشروط کیا جائے، اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ پی پی پی بل 2020ءمیں ضروری ترامیم کے بعد منصوبے کے باقی ماندہ ایریا کو پبلک پرائیویٹ پاٹنر شپ کے تحت پراسس کیا جائے گا،
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیاحت کے شعبے کی ترقی سے نہ صرف صوبے کی معیشت مضبوط ہوگی بلکہ مجموعی طور پر صوبے کے محاصل میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوگا، صوبے کی طویل ساحلی پٹی نہایت ہی اہمیت کی حامل ہے جس سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ سیاحت سمیت دیگر مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کو فروغ دیا جاسکے۔