نازیبا ریمارکس کیس؛ الیکشن کمیشن کی اعظم سواتی کو جواب جمع کرانے کی مہلت
اسلام آباد(ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیر اعظم سواتی کو جواب جمع کرانے کی مہلت دیدی۔
الیکشن کمیشن میں وفاقی وزیر اعظم سواتی کی الیکشن کمیشن کے خلاف بیان بازی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔
اعظم سواتی اپنے وکیل علی ظفر کے ہمراہ کمیشن میں پیش ہوئے۔ اعظم سواتی سے اظہار یکجہتی کےلیے وفاقی وزیر شبلی فراز، وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب ، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی، شہباز گل، اعجاز چوہدری اور دیگر پی ٹی آئی رہنما بھی ان کے ساتھ الیکشن کمیشن آئے۔
وکیل علی ظفر نے کہا کہ ہمیں الیکشن کمیشن کا دوسرا نوٹس نہیں ملا، ہمیں آج پتہ چلا کہ الیکشن کمیشن نے دو نوٹس جاری کیے ہیں، گزارش ہے کہ نوٹس دے دیں تاکہ جواب دے سکوں۔ الیکشن کمیشن رکن نے کہا کہ اگلی سماعت پر چارج فریم کریں گے۔
وکیل علی ظفر نے کہا کہ ابھی یہ فیصلہ نا دیں، اگلی سماعت صرف جواب کے لیے رکھیں، اگر آپ سماعت چارج فریم کے لیے رکھ لیں گے تو تاثر جائے گا کہ آپ فیصلہ کر بیٹھے ہیں، میں آپکے الیکشن کمیشن کے اچھے تاثر کی بات کررہا ہوں۔