بلوچستان میں11لاکھ 58ہزار سے زائد بچوں کے اسکولوں سے باہر ہونے کاانکشاف
کوئٹہ(ویب ڈیسک)بلوچستان میں11لاکھ 58ہزار سے زائد بچوں کے اسکولوں سے باہر ہونے کاانکشاف ہوا ہے سرکاری سکولوں میں 10لاکھ ،نجی تعلیمی اداروں میں 5لاکھ جبکہ دینی مدارس میں ایک لاکھ سے زائد بچے زیر تعلیم ہیں ۔محکمہ تعلیم بلوچستان کے حاصل کردہ اعدادوشمار کے مطابق بلوچستان میں11لاکھ 58ہزار 291بچے ا سکولوں سے باہر ہیں
جو کل 40فیصد بنتے ہیں اعداد وشمار کے مطابق اسکولوں میں اس وقت 60فیصد بچے داخل ہیں بلوچستان جو رقبہ کے لحاظ سے ملک کے آدھے حصے پر محیط ہے
مختلف شعبوں میں دوسرے صوبوں سے پیچھے ہے تعلیم ان میں سے ایک ہے اگرچہ مالی سال 2020-21 کے دوران صوبائی حکومت نے تعلیم کی بہتری کیلئے خاطر خواہ فنڈز مختص کئے تھے محکمہ تعلیم کے مطابق اس وقت 10لاکھ 3ہزار 6سو 61بچے سرکاری اسکولوں میں زیر تعلیم ہیںجبکہ صوبے بھر میں نجی تعلیمی اداروں میں 5لاکھ 31ہزار 371بچے زیر تعلیم ہیں اسی طرح دینی مدارس میں 1لاکھ 3ہزار 3سو 5بچے زیرتعلیم ہیں صوبائی وزیرسردار یار محمد رند نے کہا کہ سی ٹی ایس پی کے تحت اساتذہ کو میرٹ پر بھرتی کیاہے
صوبائی حکومت صوبے میں تعلیم کی معیار کو بہتر اور سکولوں میں بچوں کولانے کیلئے موثر اقدامات کررہی ہے ، صوبائی سیکرٹری برائے تعلیم شیر خان بازئی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں اساتذہ کی کمی کے مسئلے کے حل کیلئے کوششیں جاری ہیں صوبے میں اساتذہ کی کمی کے مسئلے پر قابو پانے کے لئے محکمہ تعلیم نے 9000 سے زائد اساتذہ کو ٹیسٹنگ سروس سی ٹی ایس پی کے ذریعہ شارٹ لسٹ کیا ہے