چین عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے مثبت کردار ادا کر تا رہے گا، لی گان چیے
بیجنگ چینی وزیر برائے امورماحولیاتی تحفظ نے کہا ہے کہ چین عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے مثبت کردار ادا کر تا رہے گا، چین نے ملک بھر میں کاربن کے اخراج کے تجارتی نظام کا آغاز کیا ہے ، یہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے مفید ثابت ہوگا۔ چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق چین کے وزیر برائے امورماحولیاتی تحفظ لی گان چیے نے کہا ہے کہ چین دو ہزار انیس میں آلودگی کی روک تھام کیلئے مزید اقدامات اختیار کرے گا ،حیاتیاتی نظام کی بحالی پر زور دے گا،ماحول دوست صنعتوں کو ترجیح دے گا اورعالمی موسمیاتی انتظام اور حیاتی انواع کے تحفظ میں بھرپور حصہ لے گا۔چین کی تیرہویں قومی عوامی کانگریس کے دوسرے سالانہ اجلاس کے دوران آلودگی کی روک تھام اور ماحول کا تحفظ توجہ کامرکز بن گیا ہے ۔لی گان چیے نے کہا کہ چین میں نیلے آسمان کے تحفظ کے لیے اعلی سطحی ڈیزائن مکمل ہو چکا ہے اور دیگر اہم اہداف کی تکمیل کے لیے بھرپور کوششیں ہو رہی ہیں۔لی گان چیے نے کہا کہ سب سے بڑے ترقی پذیر ملک کی حیثیت سے چین عالمی موسمیاتی انتظام میں بھرپور حصہ لے رہا ہے ۔دو ہزار پانچ کے مقابلے میں دو ہزار اٹھارہ میں چین میں فی یونٹ جی ڈی پی کے لیے کاربن کے اخراج میں پینتالیس اعشاریہ آٹھ فیصد کی کمی ہوئی ہے اس طرح دو ہزار بیس کے لیے مقررہ ہدف کو شیڈول سے پہلے ہی مکمل کر لیا گیا ہے۔اس کے ساتھ ساتھ چین نے ملک بھر میں کاربن کے اخراج کے تجارتی نظام کا آغاز کیا ہے جو موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے مفید ثابت ہوگا۔