رحیم یار خان میں اکبر ایکسپریس مال گاڑی سے ٹکرا گئی، 11 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی

0 196

رحیم یار خان ولہار اسٹیشن کے قریب ایک مسافر ٹرین حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق اور 67 زخمی ہوگئے، وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے اکبرایکسپریس حادثے پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انسانی غفلت ہوئی تو ذمہ داروں کو نہیں چھوڑیں گے،تفصیلات کے مطابق لاہور سے کوئٹہ جانے والی اکبر ایکسپریس رحیم یار خان کے قریب ولہار اسٹیشن کی حدود میں کھڑی مال گاڑی سے ٹکرا گئی، حادثے کے نتیجے میں مسافر ٹرین کا انجن مکمل طور پر تباہ ہوگیا اور 3 سے 4 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں جب کہ 6 سے 7 بوگیاں شدید متاثر ہوئیں۔واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو عملہ جائے حادثہ پر پہنچ گیا اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں، حادثے کے زخمیوں اور جاں بحق ہونے والوں کو جناح اور شیخ زائد اسپتال منتقل کیا گیا،ڈی پی او عمر سلامت نے بتایا کہ رحیم یار خان کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جب کہ ہیلپ لائن اور کنٹرول روم بھی قائم کردیا گیا ہے، 11 لاشوں اور 67 زخمیوں کو نکالا جا چکا ہے جن میں 3 سے 4 افراد کی حالت تشویش ناک ہے، زخمیوں کے لیے خون کے عطیات کی ضرورت ہے جس کا انتظام کیا جارہا ہے،انہوں نے بتایا کہ کٹرز اور ہیوی مشینری موقع پر پہنچ گئی ہے اور ریسکیو آپریشن بھی جلد مکمل ہوجائے گا،ایڈیشنل جنرل مینیجر ریلوے زبیر شفیع کے مطابق اکبر ایکسپریس کے ڈرائیور عبدالخالق اور اسسٹینٹ ڈرائیور اسپتال میں زیر علاج ہیں۔زبیر شفیع نے بتایا کہ اکبر ایکسپریس کی 10 میں سے 4 بوگیاں پٹری سے اتری ہیں، حادثے کے بعد اپ ٹریک پر ٹرینوں کی آمدو رفت روک دی گئی تھی لیکن ساڑھے 8 بجے اسے بحال کردیا گیا ہے۔وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے اکبر ایکسپریس حادثے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے حکام سے رپورٹ طلب کرلی،شیخ رشید احمد نے کہا کہ انسانی غفلت ہوئی تو ذمہ داروں کو نہیں چھوڑیں گے، حادثے میں 8 سے 9 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے۔وزیر ریلوے نے کہا کہ ٹرین حادثہ لوپ لائن پرہوا ہے، بتایا جا رہا ہے کہ حادثہ جمعرات کی صبح ساڑھے 4 بجے کے قریب ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ سگنل سسٹم میں بڑی کرپشن ہے، سگنل سسٹم 8 ارب سے شروع کیا گیا تھا 32 ارب پر پہنچ گیا، سگنل سسٹم تو لگ رہا ہے مگرٹریک بہت پرانا ہے۔مسافروں نے بتا یا کہ حادثہ صبح 4 بجے کے قریب پیش آیا ہے، ٹرین میں سوار بیشتر مسافر سو رہے تھے، گاڑی کو حادثہ کانٹا تبدیل نہ کرنے کی صورت میں پیش آیا ہے، اسٹیشن والے اپنی ڈیوٹی نہیں کر رہے تھے ورنہ جانی نقصان نہیں ہوتا۔عینی شاہدین نے مزید بتایا کہ ہمیں اپنی مدد آپ ہی بوگیوں سے نکلنا پڑا، حادثہ پیش آنے کے کافی دیر بعد ریسکیو ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی تھی۔

You might also like

Leave A Reply

Your email address will not be published.