شاہ محمود قریشی 9 مئی کے دو مقدمات میں بری، رہائی کا حکم جاری
انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے پی ٹی آئی رہنما اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی رہائی کا حکم دے دیا۔ عدالت نے 9 مئی کے دو مقدمات میں بری کرنے کے بعد سپرنٹنڈنٹ جیل کو ہدایت جاری کی کہ اگر وہ کسی اور کیس میں مطلوب نہیں تو انہیں فوری رہا کیا جائے۔ یہ حکم اے ٹی سی کے جج منظر علی گل نے جاری کیا۔
گزشتہ روز عدالت نے تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ اور جناح ہاؤس کے قریب گاڑیاں جلانے کے کیسز کا فیصلہ کوٹ لکھپت جیل میں سنایا تھا، جس میں شاہ محمود قریشی کو بری کر دیا گیا، جبکہ ڈاکٹر یاسمین راشد، محمود الرشید اور اعجاز چوہدری کو دس، دس سال قید کی سزا سنائی گئی۔
یاد رہے کہ القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی گرفتاری کے بعد 9 مئی کو ملک گیر احتجاج کے دوران لاہور، راولپنڈی اور دیگر شہروں میں جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کے واقعات پیش آئے، جن میں مسلم لیگ (ن) کا دفتر، فوجی اور نجی تنصیبات کو نقصان پہنچایا گیا۔ ان واقعات کے بعد 1900 سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔