فیصل آباد میں پی ٹی آئی رہنما نثار جٹ کی گاڑی پر فائرنگ، پولیس اہلکار سمیت 3 افراد جاں بحق
فیصل آباد تھانہ ٹھیکری والا کے علاقے میں سابق رکن اسمبلی اور پی ٹی آئی رہنما نثار جٹ کی گاڑی پر قریبی رشتے دار کی فائرنگ سے پولیس اہلکار سمیت 3 افراد ہلاک ہوگئے۔پولیس کے مطابق فیصل آباد کے علاقے تھانہ ٹھیکری والا میں سابق ایم این اے نثار جٹ کے مخالفین نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ان کے 2 گارڈز پولیس اہلکار کانسٹیبل محبوب اور ایوب ہلاک ہوگئے۔ نثار جٹ کے گارڈز کی جوابی فائرنگ سے ایک حملہ آور عبدالرحمن بندیشہ بھی ہلاک ہوگیا۔کانسٹیبل محبوب اور ایوب دونوں آپس میں بھائی تھے، جبکہ حملہ آور عبدالرحمن بندیشہ سابق ایم این اے ڈاکٹر نثار جٹ کا قریبی رشتے دار اور سابقہ ایم این اے الیاس جٹ کا بھتیجا تھا۔نثار جٹ اور مقتول عبدالرحمن بندیشہ کے درمیان دیرینہ رنجش تھی۔ پولیس نے حملے میں ملوث عبدالرحمن بندیشہ کے دو ساتھیوں کو گرفتار کرکے قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔دونوں گروپس میں 2018 کے الیکشن میں سیاسی مخالفت پر اختلاف ہوا تھا۔ نثار جٹ نے مسلم لیگ (ن) چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی تھی اور رانا ثنا کے خلاف الیکشن لڑا تھا۔