لورالائی روٹ این-70 قومی شاہراہ 14 نومبر تک ٹرانسپورٹ کے لیے بند
لورالائی روٹ این 70 قومی شاہراہ تمام ٹرانسپورٹ سروسز، بشمول ٹیکسیاں اور نجی گاڑیاں کے لیے آج سے 14 نومبر 2025 تک عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان۔
کوئٹہ (ہمارا بلوچستان نیوز) محکمہ داخلہ حکومتِ بلوچستان نے سیکیورٹی اور امن و امان کے پیشِ نظر لورالائی روٹ این 70 قومی شاہراہ پر تمام ٹرانسپورٹ سروسز، بشمول ٹیکسیاں اور نجی گاڑیاں، آج سے 14 نومبر 2025 تک عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
محکمہ داخلہ کے مطابق اس پابندی کا اطلاق صرف شاہراہ پر چلنے والی بین الاضلاعی ٹرانسپورٹ پر ہوگا، جبکہ شہری یا مقامی علاقوں کے اندرونی ٹریفک پر کوئی قدغن نہیں لگائی گئی۔ عوام مقامی سطح پر اپنی روزمرہ ضروریات کے لیے سفر کرسکیں گے۔
ترجمان محکمہ داخلہ نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کردی گئی ہے کہ وہ اس فیصلے پر فوری عملدرآمد یقینی بنائیں اور عوام کی سہولت کے لیے متبادل انتظامات بھی کیے جائیں۔
عوام الناس سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ لورالائی روٹ این 70 پر سفر سے قبل حکومتی ٹریول ایڈوائزری سے ضرور آگاہی حاصل کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ دشواری سے بچا جا سکے۔
حکومت بلوچستان نے شہریوں کے تعاون کو سراہتے ہوئے اُمید ظاہر کی ہے کہ عوام اس عارضی فیصلے پر انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے تاکہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جا سکے۔