شب برات پروردگار کا عظیم تحفہ ہے، سید صادق آغا
شب برات پروردگار کا عظیم تحفہ ہے، سید صادق آغا
کوئٹہ(پ ر) پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے سابق سینئر نائب صدر اور معروف قبائلی شخصیت سید صادق آغا نے شب برات کے مقدس موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ یہ رات اللہ تعالیٰ کی بے پایاں رحمتوں، مغفرت اور برکتوں کی رات ہے۔ اس رات اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کے لیے اپنی رحمت کے دروازے کھول دیتا ہے اور بخشش کے طالب گناہگاروں کو معاف فرما دیتا ہے۔
سید صادق آغا نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اس بابرکت رات کی عظمت کو اجاگر کیا اور اس میں عبادت، دعا اور استغفار کی تاکید فرمائی۔ ایک روایت کے مطابق، حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا۔ جب شعبان کی پندرہویں شب ہوتی ہے تو اللہ تعالیٰ آسمانِ دنیا پر نزول فرماتا ہے اور بنی کلب کی بکریوں کے بالوں کے برابر گناہگاروں کو بخش دیتا ہے۔سید صادق آغا نے کہا۔ کہ ہمیں اس رات میں اللہ تعالیٰ کے حضور عاجزی اور انکساری کے ساتھ اپنے گناہوں کی معافی مانگنی چاہیے، دل سے توبہ کرنی چاہیے اور آئندہ زندگی نیکی اور تقویٰ کے ساتھ گزارنے کا عہد کرنا چاہیے۔
نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سنت پر عمل کرتے ہوئے، ہمیں چاہیے کہ اس رات کو نماز، ذکر الٰہی، درود شریف اور دعا میں گزاریں۔ شب برات محبت، اخوت اور اصلاح نفس کا درس دیتی ہے۔ انھوں نے کہا۔ شب برات ہمیں اللہ کی قربت حاصل کرنے اور دوسروں کے ساتھ حسنِ سلوک کا درس دیتی ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے دلوں کو حسد، بغض، کینہ اور نفرت سے پاک کریں اور محبت، اخوت، ایثار اور بھائی چارے کو فروغ دیں۔ یہ رات نہ صرف ہماری بخشش کا ذریعہ ہے بلکہ ہمیں دوسروں کو معاف کرنے اور رشتے داروں کے ساتھ حسن سلوک کرنے کی ترغیب بھی دیتی ہے۔ا
نھوں نے تمام مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ اس مقدس رات میں ملک و قوم کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کریں۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمیں اتحاد، یکجہتی اور باہمی محبت کی جتنی ضرورت ہے، شاید پہلے کبھی نہ تھی۔ ہمیں چاہیے کہ ہم اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی میں عدل، ایمانداری اور دیانتداری کو فروغ دیں تاکہ ہمارا معاشرہ حقیقی اسلامی اقدار کا نمونہ بن سکے۔