وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفرازبگٹی سے سینیٹر بلال مندوخیل کی ملاقات
کوئٹہ ( خ ن ) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما و سینیٹر شیخ بلال مندوخیل نے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان ذہین با ہمت اور محنتی ہیں، ان نوجوانوں نے فری لائنسر، اسٹارٹ اپس سمیت دیگر کاروبار کے ذریعے ترقی کی ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے آئی ٹی کے شعبے پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہے ،پاکستان پیپلز پارٹی کی آئی ٹی سیکٹر میں پاکستانیوں کی ترقی کی خواہش خوش آیند ہے۔ بلوچستان میں کاروباری، تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ کے لیے آئی ٹی کو فروغ دے کر ترقی کے زینے طے کیے جاسکتے ہیں۔آئی ٹی سیکٹر کے فروغ سے برآمدات بڑھانے کے مواقعے ملیں گے، کیونکہ کاروباری اور تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ کے لیے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے اور خاص طور پر چھوٹے اور درمیانے درجے کے اداروں کے لیے آئی ٹی سلوشنز کے لیے مستند اداروں کے قیام سے مجموعی ترقی کی سمت مثبت پیشرفت ہے، انہوں نے کہا کہ آج دنیا بھر میں ہزاروں کمپنیاں اینڈرائیڈ کا سافٹ ویئر استعمال کر رہی ہیں۔ دنیا میں تیزی سے بدلتے ہوئے کارپوریٹ ماحول میں انفارمیشن ٹیکنالوجی (IT) تبدیلی کی ایک اہم سہولت کار ہے۔آئی ٹی انقلاب کے نتیجے میں پوری دنیا میں لوگوں کا طرز زندگی بدل گیا ہے۔ پاکستانی حکومت نے ملک میں آئی ٹی سرمایہ کاروں کو کئی فوائد فراہم کیے ہیں، جس کے نتیجے میں آئی ٹی سیکٹر کی ترقی ہوئی ہے۔ صوبائی حکومت اسکالر شپ اور کورسز کے ذریعے موجودہ مہارتوں کو فروغ دینے پر توجہ دے رہی ہے تاکہ نوجوانوں کو آمدنی اور کاروبار کے لحاظ سے خود کفیل بنایا جا سکے۔