ترکی کے صدر طیب اردگان کی پاکستان آمد خوش آئند، ترسیلات زر میں اضافہ مثبت پیش رفت ہے، جمال شاہ کاکڑ
)پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے جنرل سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے ترکی کے صدر رجب طیب اردگان کی پاکستان آمد کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور امت مسلمہ کی ترقی کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جائیں گے۔اپنے جاری کردہ بیان میں جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ جنوری 2025 میں ترسیلات زر میں 25 فیصد اضافہ پاکستان کے لیے نیک شگون ہے، جبکہ مسلسل دوسرے ماہ ترسیلات زر 3 ارب ڈالر کی سطح پر برقرار رہنا بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے وزیراعظم شہباز شریف کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا مظہر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ درست معاشی پالیسیوں اور روپے کی قدر میں استحکام سے ملکی معیشت اور عوام کو فائدہ پہنچا ہے۔ بیرون ملک پاکستانیوں کی جانب سے ریکارڈ ترسیلات زر بھیجنا اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک میں مثبت تبدیلی آ رہی ہے۔خواتین کے حقوق پر بات کرتے ہوئے جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ آج خواتین تمام شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں خدمات سرانجام دے رہی ہیں، قومی اور صوبائی اسمبلی میں ان کی بھرپور نمائندگی موجود ہے، اور حکومت خواتین کو مزید بااختیار بنانے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مسلم لیگ (ن) پاکستان کی ترقی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی اور عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔