بیچ ریسلنگ ورلڈ سیریز،امپائر کی جانبداری سے پاکستان یقینی گولڈ میڈل سے محروم
سا پالوامپائر کی طرف سے جانبداری برتنے کی وجہ سے پاکستان بیچ ریسلنگ ورلڈ سیریز میں یقینی گولڈ میڈل سے محروم ہوگیا۔ فائنل میں پاکستان کے انعام بٹ کو شکست ہوگئی تاہم وہ سلور میڈل کے حقدار قرار پائے، انعام بٹ نے سلور میڈل حاصل کرتے ہوئے ورلڈ بیچ گیمز کے لیے بھی کوالیفائی کرلیا جو رواں سال اکتوبر میں امریکا کے شہر سین ڈیاگو میں شیڈول ہے۔برازیل میں منعقدہ بیچ ریسلنگ ورلڈ سیریز کے فائنل میں پاکستانی ریسلر انعام بٹ کا مقابلہ جارجیا کے پہلوانوں سے تھا۔ مقابلے کے دوران امپائر کی کھلی جانبداری دیکھی گئی جس کے نتیجے میں انعام بٹ کو 0-2سے غیر یقینی شکست ہوئی۔شکست کھانے کے بعد پاکستانی ریسلر انعام بٹ سلور میڈل کے مستحق قرار پائے، ٹائٹل مقابلے میں شکست کے باوجود انعام بٹ پہلے پاکستانی ہیں جو امریکہ میں شیڈول ورلڈ بیچ گیمز 2019کے لئے کوالیفائی کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔انعام بٹ نے ریفری کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو یقینی گولڈ میڈل سے محروم کردیا گیا اور ریفری کا فیصلہ میرے خلاف گیا جس کی وجہ سے پوائنٹ میرے خلاف گیا، عالمی تنظیم سے ریفری کے فیصلے کی شکایت کردی ہے، امپائر کے فیصلے کے خلاف یونائٹڈ ورلڈ ریسلنگ کو درخواست دے دی ہے امید ہے کہ فیصلہ میرے حق میں ہی آئے گا۔ انعام بٹ کا کہنا تھا کہ ایک روز پہلے جس تکنیک کی اجازت دی تھی وہی آزمائی لیکن پھر بھی فیصلہ میرے خلاف گیا، اللہ کا شکر ہے کہ پھر بھی سلور میڈل جیتا اور ورلڈ بیچ گیمز کے لیے کوالیفائی کیا۔انعام بٹ نے مزید کہا کہ ورلڈ بیچ گیمز میں جگہ بنانے والا واحد پاکستانی ہوں، پوری قوم کا شکریہ کہ انہوں نے میرے لیے دعائیں کیں، یہ میڈل میری طرف سے قوم کیلئے تحفہ ہے، پنجاب اسپورٹس بورڈ کا بھی شکریہ کہ انہوں نے میری بہت مدد کی۔