پاک بھارت کشیدگی کے بعد فلائٹ آپریشن بحال، معمول پر پروازیں جاری
پاک بھارت کشیدگی کے بعد فلائٹ آپریشن بحال، معمول پر پروازیں جاری
اسلام آباد: پاک بھارت کشیدگی کے بعد پاکستان کا فضائی آپریشن مکمل طور پر معمول پر آ گیا ہے۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق سعودی عرب سمیت 15 ممالک نے پاکستان کے مختلف ایئرپورٹس کے لیے پروازیں دوبارہ شروع کر دی ہیں۔
سعودی ایئرلائن کی پروازیں آج سے لاہور اور اسلام آباد کے لیے بحال کر دی گئی ہیں۔ جدہ سے اسلام آباد اور لاہور آنے والی سعودی پروازیں معمول کے مطابق آپریٹ کی جا رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق حج فلائٹ آپریشن بھی تیزی سے مکمل ہونے کے مراحل میں داخل ہو گیا ہے، جبکہ سیالکوٹ، پشاور، کوئٹہ، فیصل آباد اور ملتان سے آج کسی پرواز کی منسوخی رپورٹ نہیں ہوئی۔
دریں اثنا، بحرین، دوحا، سیالکوٹ اور مدینہ سے اسلام آباد آنے والی قومی ایئرلائن کی کچھ پروازوں کو عارضی طور پر لاہور منتقل کیا گیا ہے۔
ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ تمام ایئرپورٹس پر فلائٹ شیڈول کی بحالی کے لیے مربوط اقدامات جاری ہیں، اور آئندہ چند روز میں حج آپریشن مکمل معمول پر آ جائے گا۔