متحدہ عرب امارات میں عیدالاضحیٰ 6 جون کو ہونے کا امکان
متحدہ عرب امارات میں عیدالاضحیٰ 6 جون کو ہونے کا امکان
دبئی: متحدہ عرب امارات میں عیدالاضحیٰ رواں برس 6 جون 2025 کو منائے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اماراتی فلکیاتی سوسائٹی کے نگران اعلیٰ اور عرب فلکیاتی فیڈریشن کے رکن ابراہیم الجرون کے مطابق فلکیاتی حسابات کی روشنی میں ذوالحج کا چاند 27 مئی بروز منگل کو شام 7 بج کر 2 منٹ پر پیدا ہوگا، جو غروب آفتاب کے بعد 38 منٹ تک افق پر رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ چاند کی موجودگی کے مطابق یکم ذوالحج 28 مئی بروز بدھ ہوگی، جس کے تحت عیدالاضحیٰ 6 جون بروز جمعہ منائی جائے گی۔
ابراہیم الجرون نے مزید کہا کہ عیدالاضحیٰ کی تعطیلات 4 دن تک ہوں گی، جن میں سرکاری و نجی شعبوں کے ملازمین کو وقفہ ملے گا۔
واضح رہے کہ حتمی اعلان اماراتی رویت ہلال کمیٹی کی تصدیق کے بعد کیا جائے گا، تاہم فلکیاتی پیشگوئیوں کو عمومی طور پر درست تصور کیا جاتا ہے۔