ایس سی او اجلاس(آج) سے شروع،مودی کا طیارہ (آج) پاکستان سے گزر کر کرغزستان جائے گا

0 139

اسلام آباد پاکستان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دے دی،بھارتی وزیراعظم کا طیارہ (آج) پاکستان کی حدود سے گزر کر کرغزستان جائے گا ۔ تفصیلات کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او ) کا سربراہی اجلاس (آج) جمعرات سے کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں شروع ہورہا ہے جس میں بھارت اور پاکستان کے سربراہان مملکت بھی شریک ہوں گے۔اس اجلاس میں شرکت کے لئے بھارتی وزیراعظم کا طیارہ پاکستان کی حدود سے گزر کر بشکیک جائے گا اور نئی دہلی حکومت نے طیارے کو پاکستانی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت مانگی تھی۔ پاکستان نے غور و خوض کے بعد بھارت کی درخواست قبول کرکے مودی کے طیارے کو فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دے دی ہے۔وزیراعظم عمران خان بھی شنگھائی تعاون تنظیم کی اس دو روزہ سربراہ کانفرنس میں شرکت کریں گے۔فروری میں پاک بھارت کشیدگی کے بعد پاکستان نے اپنی فضائی حدود بھارت کے لیے بند کردی تھی جس سے بھارت کو روزانہ کروڑوں روپے کا نقصان ہورہا ہے۔ دہلی سے ایمسٹر ڈیم اور یورپ کے دیگر شہروں کی پرواز کے دورانیے میں22فیصد اضافہ ہوگیا ہے جس کی وجہ سے بھارتی ایئرلائنز کو اوسطا 913کلومیٹر زیادہ فاصلہ طے کرنا پڑرہا ہے۔طویل پروازوں کے سبب ہونے والے اخراجات کے باعث بھارتی ایئرلائن جیٹ ایئر اپنے طیارے گرانڈ کرچکی ہے یہاں تک کہ اسٹاف کو تنخواہوں کی ادائیگی سے بھی قاصر ہے۔

You might also like

Leave A Reply

Your email address will not be published.