10 بلین ٹری منصوبہ کے ذریعے 84 ہزار 609 افراد کو ملازمتیں فراہم
اسلام آباد: وزارت موسمیاتی تبدیلی نے کورونا کی وبا کے دوران رواں برس مارچ سے اب تک 10 بلین ٹری منصوبہ کے ذریعے 84 ہزار 609 افراد کو روزگار فراہم کیا ہے۔ وفاقی وزارت موسمیاتی تبدیلی کی جانب سے مرتب شدہ رپورٹ کے مطابق رواں برس مارچ کے مہینے سے اب تک 10بلین ٹری منصوبہ کے ذریعے ملک بھر کے 84 ہزار 609 افراد کو روزگار فرام کیا گیا ہے۔ پنجاب میں 21 ہزار 6، خیبرپختونخوا میں 20 ہزار 623 ، سندھ میں 6 ہزار 500، بلوچستان میں 17 ہزار 600 ، گلگت بلتستان میں 6 ہزار 910 جب کہ آزاد کشمیر میں 11 ہزار 871 افراد کو روزگار فراہم کیا گیا ہے۔
وزارت کے ڈپٹی ڈائریکٹر میڈیا محمد سلیم کا کہنا ہے کہ ان تمام افراد نرسریوں اور شجرکاری کے لئے ڈیلی ویجز پر روزگار فراہم کیا گیا ہے۔ روزگار حاصل کرنے والوں کی اکثریت نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کی ہیں۔ وزارت نے رواں برس دسمبر تک 2 لاکھ افراد کو روزگار فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔