ملک کے بالائی علاقوں میں بارشوں کا نیا سلسلہ، محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کر دی
اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے آج سے 16 جون تک ملک کے مختلف حصوں میں تیز ہواؤں اور بارشوں کی پیشگوئی کر دی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ آج شام سے بالائی علاقوں میں داخل ہوگا جس کے باعث موسم خوشگوار ہونے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آج شام سے آندھی، گرد آلود ہواؤں اور بارش کا امکان ہے۔ اس دوران راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد، گجرات، جہلم اور گوجرانوالہ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، نارووال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، سرگودھا اور میانوالی میں بھی بارشیں متوقع ہیں، جبکہ جنوبی پنجاب کے علاقوں ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور اور بہاولنگر میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متوقع بارشوں سے گرمی اور ہیٹ ویو کی شدت میں واضح کمی آئے گی۔ اس ضمن میں محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیرات و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک سمیت تمام متعلقہ اداروں کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔