قاسم خان سوری سے ڈپٹی کمشنر کوئٹہ،کیسکو انجینئر و دیگر کی ملاقات
کوئٹہ:ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری سے ڈپٹی کمشنر کوئٹہ عرفان نواز میمن، چیف ایگزیکٹیو آفیسر کیسکو انجینئر محمد عارف اور سینئر جنرل منیجر سوئی سدرن گیس کمپنی مدنی صدیقی نے الگ الگ ملاقاتیں کیں، ملاقاتوں میں کوئٹہ میں جاری ترقیاتی کاموں، بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے متعلق مختلف مسائل اور صوبے میں گیس سے متعلق صارفین کے مسائل کے فوری حل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے ڈپٹی کمشنر کوئٹہ سے ملاقات میں کوئٹہ شہر کے مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایات دیں جنمیں صفائی، ٹریفک کے مسائل اور کوئٹہ شہر کے روڈز بہتر بنانے پر گفتگو ہوئی۔ واضح رہے کہ حال ہی میں کوئٹہ شہر میں ٹریفک کی گھمبیر صورتحال سے نمٹنے کے لیے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کی کاوشوں سے وفاقی حکومت نے کوئٹہ میں دو پلوں کی تعمیر کے لیے تقریبا 3ارب روپے منظور کیے ہیں۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے بلوچستان میں جاری بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ٹرانسفارمرز کی مرمت اور تبدیلی کی ہدایات دیں اور چیف ایگزیکٹیو کیسکو انجینئر محمد عارف کو صارفین کے مسائل کے فوری حل پر زور دیا۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے سینئر جنرل منیجر سوئی سدرن گیس کمپنی مدنی صدیقی سے وفاقی حکومت کی جانب سے ایک ارب روپے مالیت کی پرانی گیس پائپ لائنز کی تبدیلی کے حوالے سے پیش رفت پر معلومات حاصل کیں اور انھیں گیس صارفین کی شکایات کے فوری طور پر حل کرنے کی ہدایات دیں۔ واضح رہے کہ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کی کوششوں سے وفاقی حکومت نے کوئٹہ میں 40سال پرانی گیس پائپ لائن کی تبدیلی کے لیے ایک ارب روپے پیکیج کی منظوری دی تھی جس سے کوئٹہ میں گیس کے کم پریشر کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔ کوئٹہ اور اس کے اطراف میں 1980 میں گیس پائپ لائنز بچھائی گئی تھیں جنہیں آج تک تبدیل نہیں کیا گیا تاہم اب ان پائپ لائنز کو بالترتیب 16، 12،8،6ڈایا میٹر کی پائپ لائنز سے تبدیل کیا جا رہا ہے جن کی مجموعی لمبائی 57کلومیٹر بنتی ہے۔ گیس پائپ لائن تبدیل کرنے کا یہ منصوبہ ستمبر 2021تک مکمل کر لیا جائے گا جس کے بعد کوئٹہ اور دیگر علاقوں میں گیس پریشر کم ہونے کے مسائل مستقل حل ہو جائیں گے۔
[…] آباد (ویب ڈیسک)ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ ہمارے معاشرے میں بچوں کو بنیادی حقوق کے […]
[…] ڈیسک)اسپیکر اسد قیصر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے بلوچستان زلزلے میں جانی و مالی نقصانات پر گہرے دکھ […]