پی ٹی آئی حکومت نے 4 سال چور ڈاکو کے نعرے لگاکر وقت برباد کیا،شہباز شریف
پی ٹی آئی حکومت نے 4 سال چور ڈاکو کے نعرے لگاکر وقت برباد کیا،شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے 4 سال برباد کردیئے، عمران نیازی 4 سال ہاتھ پہ ہاتھ دھرے بیٹھے رہے اور چور ڈاکو کے نعرے لگاکر وقت برباد کیا۔
جمعرات کوملتان میں زیر تعمیر نشتر ٹو اسپتال کے معائنے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ 2018 میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اس منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کیا تھا اور تمام لوازمات مکمل کئے تھے۔ جھرلو الیکشن کے بعد جوعمران نیازی کو کندھوں پر بیٹھا کر اقتدارمیں لائے تھے انہیں چاہیے تھا کہ عمران نیازی سے یہ اسپتال بنواتے تاکہ دکھی انسانیت کی خدمت ہوسکتی لیکن پی ٹی آئی
حکومت نے 4 سال برباد کردیئے اور زیر تعمیر نشتر ٹو اسپتال صرف 3، 4 ملین روپے مختص کئے جو ایک مذاق تھا۔ اس اسپتال کو صرف اس لئے نظر انداز کیاگیا کہ کہیں مسلم لیگ ن اور نواز شریف کو کریڈٹ نہ مل جائے۔
وزیراعظم نے کہاکہ مجھے بتایا گیا ہے کہ اس اسپتال کی تعمیر 30 ستمبر تک مکمل ہو جائے گی۔ یہ عوامی خدمت کا منصوبہ ہے۔ وزیراعظم نے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی اور ضلعی انتظامیہ کے افسران کو اس منصوبے کی تکمیل کے لئے دن رات کوششوں پر خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کو حمزہ شہباز کی قیادت میں مختصر مدت کےلئے پنجاب میں خدمت کاموقع ملا لیکن جو کچھ ان کے ساتھ ہوا وہ بھی تاریخ کا حصہ ہے۔ ماضی میں ہماری حکومتیں ختم نہ کی جاتیں اور عمران نیازی کو اقتدار میں نہ لایا جاتا تو پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہوتا ۔ وہ 4 سال ہاتھ پہ ہاتھ دھرے رہے اور چور ڈاکو کے نعرے لگاتےرہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، گورنر پنجاب انجینئر بلیغ الرحمن، نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ واضح رہے کہ 500 بیڈز پر مشتمل نشتر -ٹو ہسپتال سے جنوبی پنجاب کے دور دراز علاقوں کے عوام مستفید ہوں گے۔