قاتل ڈینگی مچھر بچوں پر حملہ آور:درجنوں بچے ڈینگی بخار میں مبتلا ہو کر ہسپتال میں پہنچ گئے
صوبائی دارالحکومت لاہور میں قاتل ڈینگی مچھروں نے کم عمر بچوں پر بھی حملے تیز کردئیے۔ جس کے نتیجے میں درجنوں بچے بخار میں مبتلا ہو کر شہر کے مختلف سرکاری ہسپتالوں میں پہنچ گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ چلڈرن ہسپتال، جنرل ہسپتال، سر گنگارام ہسپتال اور سروسز ہسپتال سمیت دیگر سرکاری ہسپتالوں میں زیر علاج بچوں میں سے 30 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ اس حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ اگلے 15 روز ڈینگی بخار پھیلنے کے حوالے سے انتہائی اہم ہے اور جب تک شہر کا درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ تک نہیں پہنچتا ڈینگی مچھر کا خاتمہ نہیں
ہوسکتا۔ واضح رہے کہ لاہور شہر میں اب تک ڈینگی بخار سے 6 ہلاکتےں ہو چکی ہیں۔ ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ گھروں اور پلازوں کی چھتوں سمیت سکولوں کی گراﺅنڈز ڈینگی مچھر کی آمجگاہ بن کر رہ گئے ہیں اور کم عمر بچے اپنے والدین کی لاپرواہی کے باعث ڈینگی بخار میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں ڈینگی بخار کے مزید 127 نئے کیسز سامنے آگئے۔ رواں سال شہر میں ڈینگی بخار میں مبتلا مریضوں کی مجموعی تعداد 4157 ہوچکی ہے جبکہ شہر کے سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں 323 مریض زیر علاج ہیں جن میں سے 35 سے 40 فیصد مریض کم عمر بچے ہیں۔ انسداد ڈینگی مہم میں حصے لینے والی محکمہ صحت پنجاب کی ٹیموں نے ڈینگی سرویلنس کے دوران شہر کے 1817 مقامات پر ڈینگی لاروا کی نشاندہی کے بعد لاروا تلف کردیا۔