افغانستان، وزارت داخلہ کے دفتر کے قریب دھماکا، 7 افراد جاں بحق،متعدد زخمی
کابل: افغان دارالحکومت میں وزارت داخلہ کے قریب دھماکے میں 7 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ،قریب کھڑی گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا،دھماکے کا ہدف کیا تھا ابھی معلومات اکٹھی کی جارہی ہیں۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بدھ کی علی الصبح افغانستان کے دارالحکومت کابل میں کار بم دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوئے۔ترجمان افغان وزارت داخلہ نے وزارت کی عمارت کے قریب دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس بات کا تعین نہیں ہوسکا ہے کہ دھماکے کا ہدف کیا تھا۔عینی شاہدین کے مطابق دھماکا صبح ساڑھے 7 بجے کے قریب ہوا جس کے نتیجے میں قریب کھڑی گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا جب کہ دھماکے کے فوری بعد ریسکیو اہلکاروں نے زخمی اور جاں بحق ہونے والوں کو اسپتال منتقل کردیا۔افغان میڈیا کا بتانا ہے کہ جس جگہ دھماکا ہوا وہاں انسداد منشیات کے دفتر سمیت کئی این جی اوز کے دفاتر ہیں۔افغان میڈیا کے مطابق اب تک کسی تنظیم کی جانب سے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے۔