چینی کی فی کلو قیمت ستر روپے کے فیصلے پر مکمل عملدرآمد ہوگا، عبدالعلیم
لاہور : سینئر صوبائی وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ چینی کی فی کلو قیمت ستر روپے کے فیصلے پر مکمل عملدرآمد ہوگا، کسی کو بنیادی اشیائے خورونوش میں بے جا اضافہ نہیں کرنے دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر خوراک عبدالعلیم خان نے پنجاب بھر میں ستر روپے فی کلو چینی کی فروخت یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ سینئر وزیر پنجاب نے کہا ہے کہ چینی کی فی کلو قیمت ستر روپے کے فیصلے پر مکمل عملدرآمد ہوگا۔ وزیر اعظم عمران خان کی ذاتی دلچسپی سے چینی کی قیمت میں نمایاں کمی کی جا رہی ہے۔ کسی کو بنیادی اشیائے خوردونوش میں بے جا اضافہ نہیں کرنے دیں گے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ پیڑول کے بعد چینی کی قیمتوں میں واضح کمی انتہائی خوش آئند ہے۔ شہریوں کو تمام شعبوں میں خاطر خواہ ریلیف حاصل ہوگا۔ چینی کے نام پر ناجائز منافع کمانے والوں سے سختی سے نمٹیں گے۔وزیراعظم عمران خان قیمتوں میں استحکام کے لئے متحرک ہیں۔ اپوزیشن کو بھی چینی کی قیمتوں میں کمی کو سراہنا چاہیے۔سینیئر صوبائی وزیر نے کہا کہ چینی کی طرح آٹے کی قیمتیں بھی مستحکم رکھنے کی کوشش کریں گے۔ جہاں کہیں خلاف ورزی ہوئی انتظامیہ سخت کاروائی عمل میں لائے گی۔