کراچی لرز اٹھا، لانڈھی فالٹ لائن دوبارہ متحرک
کراچی لرز اٹھا، لانڈھی فالٹ لائن دوبارہ متحرک
کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں جمعہ کی شب زلزلے کے ہلکے جھٹکوں نے خوف و ہراس کی فضا پیدا کر دی، ماہرین کے مطابق لانڈھی فالٹ لائن ایک بار پھر متحرک ہو چکی ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ امیر حیدر کے مطابق زلزلے کے اثرات شہر کے مشرقی علاقوں میں شدت سے محسوس کیے گئے، جن میں ملیر، شاہ فیصل کالونی، قائد آباد، گلزار ہجری اور یونیورسٹی روڈ کے علاقے شامل ہیں۔
انہوں نے وضاحت کی کہ ان جھٹکوں کی بنیادی وجہ لانڈھی فالٹ لائن کی حرکت ہے، جو 2009 میں بھی متحرک ہوئی تھی، اور اس وقت تقریباً دو ماہ تک معمولی شدت کے زلزلے ریکارڈ کیے گئے تھے۔
چیف میٹرولوجسٹ نے مزید کہا کہ فالٹ لائن کی سرگرمی کی مدت کا درست اندازہ لگانا ممکن نہیں، اس لیے یہ کہنا قبل از وقت ہو گا کہ یہ جھٹکے کب تک جاری رہیں گے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو محتاط رہنے، غیر مصدقہ خبروں سے گریز کرنے اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ اداروں سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔