ایران کا بھرپور جوابی وار: تل ابیب میں تباہی، ویڈیوز منظر عام پر
تہران/تل ابیب – مشرق وسطیٰ کی فضا جنگ کے شعلوں سے دہک اٹھی، ایران کے 200 سے زائد میزائل حملوں کے بعد اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب میں تباہی کی لرزہ خیز ویڈیوز منظر عام پر آ گئیں۔
ایران نے “آپریشن وعدہ صادق سوم” کے تحت چار مرحلوں میں اسرائیل کے فوجی و شہری اہداف کو نشانہ بنایا۔ حملوں کے دوران تل ابیب، رمات گان اور دیگر علاقوں میں عمارتیں زمین بوس، گاڑیاں تباہ، اور سائرن کی گونج سے شہر دہل گیا۔
ایرانی حملوں میں 4 اسرائیلی ہلاک اور 60 سے زائد زخمی ہوئے ہیں، جب کہ اسرائیلی میڈیا اور عالمی خبررساں ادارے مسلسل تباہی کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کر رہے ہیں۔
دوسری جانب، اس سے قبل اسرائیل نے ایران کے درجنوں مقامات پر فضائی حملے کیے تھے جن میں پاسداران انقلاب کے سربراہ جنرل حسین سلامی، چیف آف اسٹاف جنرل باقری، اور معروف جوہری سائنسدانوں سمیت 80 سے زائد افراد شہید ہوئے۔
فاکس نیوز اور ایرانی میڈیا کی جانب سے جاری ویڈیوز میں تل ابیب میں تباہ شدہ عمارتوں، جلتی گاڑیوں، اور حملے کے دوران کی حقیقی فوٹیجز دکھائی گئی ہیں، جنہوں نے پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔
ادھر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے ایران پر حملے جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ:
“ایران کی دفاعی صلاحیت کو مکمل طور پر ختم کیا جائے گا، جنگ کا کوئی ٹائم فریم طے نہیں۔”
اسرائیلی حکام کے مطابق یہ جنگ کم از کم دو ہفتوں تک جاری رہ سکتی ہے، جس سے عالمی فضائی اور اقتصادی نظام پر گہرے اثرات پڑنے کا خدشہ ہے۔