مسلم دنیا متحد نہ ہوئی تو سب کی باری آئے گی،خواجہ آصف
اسلام آباد – وزیر دفاع خواجہ آصف نے قومی اسمبلی سے خطاب میں مسلم دنیا پر زور دیا کہ اگر وہ اب بھی بیدار نہ ہوئی اور اپنی انفرادی مفادات کی سیاست کرتی رہی تو ہر ملک کی باری آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل نہ صرف فلسطینی بچوں پر ظلم کر رہا ہے بلکہ ایران، فلسطین اور یمن کو بھی مسلسل نشانہ بنا رہا ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ “ایران ہمارا برادر ہمسایہ ملک ہے جس کے ساتھ ہمارے تعلقات تاریخ میں کم مثال رکھتے ہیں”۔
وزیر دفاع نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسلم دنیا کے بیشتر ممالک عسکری طور پر کمزور ہیں اور ان میں سے کئی کے اسرائیل سے خفیہ یا اعلانیہ تعلقات ہیں، جو انہیں فوری طور پر ختم کرنے چاہئیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ او آئی سی کا ہنگامی اجلاس بلایا جائے اور مسلمان ممالک ایک مشترکہ حکمتِ عملی ترتیب دیں تاکہ اسرائیل کے ظلم و ستم کا مؤثر جواب دیا جا سکے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ “دنیا کے غیر مسلم بھی مظلوم فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کر رہے ہیں لیکن مسلم دنیا خاموش ہے”۔
خطاب کے دوران وزیر دفاع نے یہ بھی کہا کہ جب بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا تو ہم نے پانچ گنا بڑے دشمن کو خاک میں ملایا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایران پر حالیہ حملے میں اسرائیل تنہا نہیں بلکہ اسے عالمی سطح پر ہر طرح کی پشت پناہی حاصل ہے۔
مہنگائی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مشکلات ضرور ہیں، مگر معاشی اشاریے بہتری کی جانب گامزن ہیں۔ “اسٹاک مارکیٹ 1 لاکھ 25 ہزار پوائنٹس پر پہنچی ہے”۔ انہوں نے ماضی کی حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ کچھ عناصر نے آئی ایم ایف کو پاکستان کے خلاف خطوط لکھ کر معیشت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔