نان فائلرز کے لیے نقد رقم نکالنے کی حد 75 ہزار روپے مقرر، ایڈوانس ٹیکس میں اضافہ
نان فائلرز کے لیے نقد رقم نکالنے کی حد 75 ہزار روپے مقرر، ایڈوانس ٹیکس میں اضافہ
وفاقی حکومت نے نان فائلرز کے لیے بینکوں سے روزانہ نقد رقم نکالنے کی حد 50 ہزار روپے سے بڑھا کر 75 ہزار روپے کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جبکہ اس حد سے زائد نکالنے پر عائد ایڈوانس ٹیکس میں بھی اضافہ تجویز کیا گیا ہے۔
جنگ اور دی نیوز میں شائع رپورٹ کے مطابق مالی سال 2025-26 کی بجٹ تجاویز میں واضح کیا گیا ہے کہ نئی حد سے زیادہ رقم نکالنے پر نان فائلرز کو 0.8 فیصد ایڈوانس ٹیکس ادا کرنا ہوگا، جو اس وقت 0.6 فیصد ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ اقدام نان فائلرز کو ٹیکس نیٹ میں لانے اور مالیاتی نظام کو دستاویزی شکل دینے کی حکومتی کوششوں کا حصہ ہے۔ مذکورہ فیصلہ قومی اسمبلی کی مالیاتی کمیٹی سے منظوری کے بعد بجٹ کا حصہ بنے گا۔
ادھر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اشتہارات سے حاصل آمدنی پر سخت محصول عائد کیے جانے کی بھی تجویز ہے، جبکہ سب سے زیادہ آمدن رکھنے والے افراد کے لیے انکم ٹیکس سرچارج میں 9 فیصد کمی کی توقع کی جا رہی ہے۔
یہ بجٹ تجاویز آئندہ مالی سال کے دوران ٹیکس وصولیوں میں بہتری اور معیشت کو مستحکم بنانے کے لیے ترتیب دی گئی ہیں۔