ملک دشمن قوتیں بدامنی پھیلاکر پاکستان کو کمزور اور غیر مستحکم کرنا چاہتی ہیں،وزیراعلی بلوچستان
کوئٹہ (ویب ڈیسک )وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے یوم آزادی پر قوم کو مبارکباد پیش کی ہے. اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ نے یوم آزادی کی مناسبت سے کشمیری عوام کی جدوجہد کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام گذشتہ 73 سالوں سے اپنے حق خودارادیت کے حصول کی جنگ لڑتے ہوئے ہزاروں جانیں قربان کر چکے ہیں اور اپنی دھرتی پر بھارت کے غاصبانہ قبضہ کے خلاف پرعزم جدوجہد کر رہے ہیں اور جو شمع انہوں نے روشن کی ہے وہ ظلم وجبر سے بجھائی نہیں جاسکتی،
وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ یہ ملک ہم نے اپنے آباو اجداد کی عظیم قربانیوں کے نتیجے میں حاصل کیا۔ اس کا تحفظ اور تعمیر و ترقی اب ہماری ذمہ داری ہے جس سے عہدہ برآہونے کے لئے ہمیں اپنے تمام فروعی اور گروہی اختلافات بھلا کر اور ہر قسم کے تعصبات سے بالا تر ہو کر ایک متحد قوم کی شکل میں کام کرنا ہوگا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس وقت وطن عزیز کو اندرونی و بیرونی چیلنجوں اور دہشت گردی کی عفریت کا سامنا ہے، ملک دشمن قوتیں بدامنی پھیلاکر پاکستان کو کمزور اور غیر مستحکم کرنا چاہتی ہیں تاہم اپنی صفوں میں مکمل اتحاد و اتفاق قائم کر کے ہم دشمنوں کے ناپاک عزائم ناکام بناسکتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کے فرمودات اور شاعر مشرق ڈاکٹر محمد علامہ اقبال کی فکر کو مشعل راہ بناکر ہم پاکستان کو ایک عظیم اسلامی مملکت بناسکتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جشن آزادی کے موقع پر ہمیں اپنے ان شہداء کو بھی خراج عقیدت پیش کرنا چاہئے جنہوں نے قیام پاکستان سے اب تک ملک کے دفاع اور امن کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اگر اب بھی ہم ماضی سے سبق سیکھ کر اپنے ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار نہ کر سکے تو آنے والی نسلیں ہمیں کبھی معاف نہیں کریں گی، وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ ملک اور صوبے کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لئے دعاگو ہیں کہ اللہ تعالی ہمیشہ ہمارے ملک کو سرسبزوشاداب اور شادآباد رکھے، آج کے دن کی مناسبت سے ملک وقوم کے تحفظ اور امن کے قیام کے لئے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت بھی پیش کرتے ہیں اور اپنے کشمیری بھائیوں کی تحریک آزادی کے کامیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں، وزیراعلی نے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیشہ پاکستان کی حفاظت فرمائے اور اسے تعمیر وترقی کی راہ پر گامزن رکھے.