بلوچستان کے عوام کو ووٹ کا حق حقیقی معنوں میں نہیں ملا ،ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ
کوئٹہ( پ ر)نیشنل پارٹی کے سربراہ سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ نیشنل پارٹی، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی سمیت دیگر جماعتیں پی ڈی ایم کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) کے اتحادی ہیں۔ تمام مسائل کا حل سیاسی انداز میں چاہتے ہیں۔ ملک میں حقیقی سیاسی نمائندوں کو ووٹ کے ذریعے منتخب ہوکر آنے کا موقع دیا جائے تو مسائل حل ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں محمد نواز شریف سے دورہ کوئٹہ کے دوران ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ میاں محمد نواز شریف کی خواہش پر ان سے ملاقات ہوئی سیاسی اور بلوچستان کے حوالے سے انہیں آگاہ کیا اور ہم نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو ووٹ کا حق حقیقی معنوں میں نہیں ملا ہے۔بلوچستان کا مسئلہ سیاسی ہے انہیں سیاسی انداز میںحل کرنا چاہئے۔ بلوچستان کے لوگ ووٹ کسی اور کو دیتے ہیں اور کامیاب کوئی اور ہوتا ہے اس روش کو ترک کرنا ہوگا اور حقیقی اور عوام کے منتخب نمائندوں کو آگے لانا ہوگا۔ میاں محمد نواز شریف تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لیکر چلنا چاہتے ہیں۔ ہماری پارٹی پی ڈی ایم کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) کے اتحادی ہیں۔