بی این پی بلوچستان کے ساحل و وسائل حقوق کے حصول اور معدنی وسائل پر کسی صورت بھی قبضے کی اجازت نہیں دے گی، غلام نبی مری

0 376

(ویب ڈیسک)
بلوچستان نیشنل پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے ممبر میر غلام نبی مری نے حکومت کی جانب سے گوادر میں باڑ لگانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اور مقتدر قوتیں روز اول سے ہی بلوچستان کے لوگوں کا استحصال کرتے ہوئے ان کے وسائل کو لوٹنے کے لئے اس طرح کے ہتھکنڈے استعمال کرتے آ رہے ہیں

جس کی بلوچستان کے غیور عوام اور سیاسی اور وطن دوست رہنماءکسی بھی صورت اجازت نہیں دیں گے اور اس مسئلے کے خلاف تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر متفقہ طور پر جدوجہد کی جائے گی تاکہ بلوچستان کے حقوق کے حصول اور عوام کے ساتھ ہونے والے ناروا اقدامات کی روک تھام کو یقینی بنایا جائے ہم ترقی کے مخالف نہیں لیکن ایسی ترقی کو قبول نہیں کرتے جس سے ہماری ثقافت شناخت کو مسخ کیا جائے

یہاں جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اقتدار میں آنے کے بعد بلوچستان کے وسائل کو لوٹنے کے لئے جو وطیرہ اپنایا ہے اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی موجودہ حکومت نے آمرانہ آرڈیننس کے ذریعے بلوچستان اور سندھ کے جزائر کو وفاق کے زیر تسلط کرکے صوبے کے حقوق اور وسائل پر براہ راست قبضہ جمانے کی کوشش کی تھی جس کی ہم مذمت کرتے ہیں

اور ایک بار پھر موجودہ حکمرانوں نے سابقہ روش کو برقرار رکھتے ہوئے گوادر کو سی پیک کے نام پر ترقی دینے کی غرض سے علاقے کے لوگوں کو محدود کرنے کے لئے باڑ لگانے کا منصوبہ بنایا ہے جس کا مقصد گوادر کے مقامی باشندوں کو گوادر کی ترقی اور اس کے ثمرات سے محروم رکھ کر وسائل پر اپنے تسلط کو مضبوط بنانا ہے اور دنیا میں اس طرح کی مثال نہیں ملتی کہ کسی بھی علاقے کی تعمیر و ترقی سے مقامی لوگوں کو دور رکھ کر باڑ لگا کر ان کو محدود کیا جائے یہ صرف بلوچستان کی سر زمین پر لوگوں کے وسائل کو لوٹنے کے لئے کیا جا رہا ہے

جس کی بلوچستان نیشنل پارٹی اور صوبے کے غیور عوام کسی صورت اجازت نہیں دیں گے بلوچستان نیشنل پارٹی بلوچستان کی تعمیر و ترقی کی مخالف نہیں لیکن ایسی ترقی ہمیں قبول نہیں کہ جس کی آڑ میں بلوچستان کے قدرتی وسائل علاقوں پر قبضہ کرکے مقامی آبادی کو اس سے محروم رکھا جاسکے انہوں نے کہا کہ ہر دور میں بلوچستان کی پسماندگی اور لوگوں میں پائے جانے والے احساس محرومی کو دور کرنے کے بلند و بانگ دعوے کرکے اس سر زمین پر بسنے والوں کے وسائل پر قبضہ ہوتا رہا ہے

اور ایک بار پھر موجودہ حکمرانوں نے مقتدر طاقتوں کے ساتھ مل کر اس روش کو وطیرہ بنا لیا ہے جس کی ہم ہرگز اجازت نہیں دیں گے اور وفاق کی جانب سے ساحلی علاقے کو جو کہ بلوچستان نیشنل کوسٹ گارڈ کے زیر تسلط تھا اس پر قبضہ جمانے کے لئے نیشنل کوسٹل اتھارٹی بنانے کی عملی کوششیں شروع کی ہیں بلوچستان نیشنل پارٹی بلوچستان کے ساحل و وسائل حقوق کے حصول اور معدنی وسائل پر کسی صورت بھی قبضے کی اجازت نہیں دے گی اس کے خلاف ہر فورم پر آواز بلند کرتے ہوئے دیگر سیاسی جماعتوں قائدین اور عوام کے ساتھ مل کر جدوجہد کریں گے تاکہ اپنے حقوق کے حصول اور وسائل پر دسترس برقرار رکھ سکیں

You might also like

Leave A Reply

Your email address will not be published.