صوبائی حکومت نے 30اپریل تک لاک ڈائون میں توسیع دیدی ہے: حکومت بلوچستان کے ترجمان لیاقت شاہوانی
کوئٹہ: حکومت بلوچستان کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے کہاہے کہ صوبائی حکومت نے 30اپریل تک لاک ڈائون میں توسیع دیدی ہے تاہم تعمیراتی کام سے جڑے دکانوں ،کمپنیوں سمیت دیگر کو کھولنے کی اجازت دی گئی ہے بلکہ کھجور کی دکانوں اور تہہ خانوں کوبھی کھولنے کی اجازت دی گئی ہے ،ریسٹورنٹس کو ایس او پیز کا خاص خیال رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے جو بھی ہوٹل مالک ایس او پیز کا خیال نہیں رکھے گا اس پر جرمانہ عائد کیاجائیگا،لوکل ٹرانسمیشن کے ذریعے کورونا وائرس شہر میں تیزی سے پھیل رہاہے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔لیاقت شاہوانی کاکہناتھاکہ بلوچستان حکومت کورونا وائرس کے حوالے سے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں بلوچستان میں اب تک کورونا کے کیسز کی تعداد277 تک پہنچ چکی ہے ،ہمیں وفاق کی جانب سے کٹس کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے بلکہ ہم نے وفاق سے وی ٹی ایم زیادہ فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیاہے ،صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں رینڈم ٹیسٹ کاآگاز کل سے ہوگیاہے صوبے کے 4ڈویژن میں ایمرجنسی بنیادوں پر لیبارٹریز قائم کئے جارہے ہیں ،ان کاکہناتھاکہ لوکل ٹرانسمیشن کے ذریعے کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہاہے اور ہم ایک تشویشناک صورتحال میں داخل ہوچکے ہیں اس لئے حکومت نے 30اپریل تک لاک ڈائون میں توسیع دیدی ہے صوبائی حکومت نے مختلف شعبوں کو لاک دائون میں رعایت بھی دی ہے جن میں تعمیراتی کام سے جڑے دکان ،کمپنیاں ،کھجور کی دکانیں ،تہہ خانے ،جانوروں کی صنعتوں ،پرندوں کی دکانیں ودیگر شامل ہیں ،اس کے علاوہ ریسٹورنٹس کو بھی ایس او پیز کے تحت کھولنے کی اجازت دی گئی ہے ایس او پیز کا خیال نہ رکھنے والے مالکان پر جرمانہ عائد کیاجائے گا۔