عمران، طاہر القادری کیخلاف توہین عدالت کی متفرق درخواست دائر
لاہور معروف قانون دان اے کے ڈوگر نے وزیر اعظم عمران خان اور عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر جلد سماعت کے لیے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا ۔ تفصیلات کے مطابق معروف قانون دان اے کے ڈوگر نے لا ہور ہائی کورٹ میں متفرق درخواست دائر کی ہے جس میں مرکزی کیس کی جلد سماعت کی استدعا کی ہے۔درخواست گزار کا کہنا ہے کہ عدالتی حکم کے باوجود عمران خان اور طاہر القادری نے لاہور سے اسلام آباد کی طرف دھرنا دیا، دونوں رہنماوں نے طویل دھرنا دے کر توہین عدالت کی۔عدالتی احکامات کے منافی عمران خان اور طاہر القادری کے اسلام آباد میں دھرنا دینے ، عدالتی احکامات سے روگردانی کرنے پر ان رہنماوں کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا ہے کہ ہائی کورٹ میں عمران خان اور طاہر القادری کے خلاف توہین عدالت کی درخواست زیر سماعت ہے، تاہم درخواست 3 ماہ سے سماعت کے لیے مقرر نہیں کی جاسکی۔درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ توہین عدالت ایک اہم نوعیت کا معاملہ ہے، اس لیے عمران خان اور طاہر القادری کے خلاف درخواست جلد سماعت کے لیے مقرر کی جائے۔