کوئٹہ ڈی جی نیب بلوچستان فرمان اللہ نے روزانہ کی بنیاد پر عوام الناس سے دھوکہ دہی کے حوالے سے ملنے والی شکایت کے ردعمل میں کہا ہے کہ
کوئٹہ ڈی جی نیب بلوچستان فرمان اللہ نے روزانہ کی بنیاد پر عوام الناس سے دھوکہ دہی کے حوالے سے ملنے والی شکایت کے ردعمل میں کہا ہے کہ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی خصوصی ہدایات ہیں کہ لوگوں سے دھوکہ دہی کرنے والے کرپٹ عناصر کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔ پیسے کی حرص میں اندھے کرپٹ عناصر اپنے مفادات کے حصول کیلئے عوام کو انکی حلال کی جمع پونجی سے محروم نہیں کرسکتے، لوگوں کے ساتھ دھوکہ دہی کے مرتکب افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا، عوام نیب کو مشکوک کاروباری سرگرمیوں اور ہاوسنگ سوسائٹیز کے بارے میں بروقت آگاہ کرے تاکہ ان کے خلاف فوری کاروائی عمل میں لائی جا سکے نیب بلوچستان نے اس ضمن میں عوام الناس کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں رائج مروجہ مالیاتی قوانین کے برعکس غیر قانونی طور پر چلنے والی تمام غیر قانونی سرگرمیوں اور قانونی ضابطوں کے برخلاف قائم ہاوسنگ اسکیمات میں سرمایہ کاری سے گریز کریں اور اپنی حق حلال کی آمدن کسی بھی کاروبار میں لگانے سے قبل پوری تسلی کرلیں کہ متعلقہ فرم اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور سیکورٹی ایکسچنج کمیشن آف پاکستان سے رجسٹرڈ شدہ ہے زیادہ مالیاتی فوائد کے لالچ میں عوام اپنی زندگی بھر کے سرمائے سے محروم ہوکر نیب سمیت دیگر ریاستی اداروں سے رجوع کرتے ہیں بہتر ہوگا کہ عوام بعد کی طویل پریشانی سے بچنے کے لئے پہلے ہی احتیاطی تدابیر اختیار کرکے باشعور ہونے کا ثبوت دیں ڈائریکٹر جنرل نیب بلوچستان نے کوئٹہ میں حال ہی میں ایک جعلی کمپنی اور بعض ہاوسنگ اسکیمات کی جانب سے عوام سے دھوکہ دہی کے عمل پر تاسف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کیسز کے تمام پہلووں کو دیکھا جا رہا ہے، بہتر ہوتا کہ ایسی مشکوک کمپنیوں میں سرمایہ کاری سے قبل عوام کمپنی کی پروفائل سے متعلق ذمہ دار حکومتی اتھارٹیز سے اس کی کریڈیبلٹی اور قانونی پہلووں کی تصدیق کرلیتے ڈی جی نیب بلوچستان نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد ایسی مشکوک کمپنیوں اور ہاوسنگ اسکیمات پر نظر رکھیں جو مارکیٹ ریٹ سے قدرے منفرد منافع کی آفر کررہی ہوں ایسی کاروباری سرگرمیوں میں زیادہ فراڈ کے امکانات ہوتے ہیں جن میں بنیادی سرمایہ پربیٹاریٹ غیر معمولی نوعیت کا ہوتا ہے ڈی جی نیب نے کہا کہ ملک میں مخلتف مالیاتی اسکیمات کے نام پر کئی مرتبہ فراڈ ہو چکے ہیں اس کے باوجود لالچ میں آکر عوام ہر دفعہ ایسے جعل سازوں کے ہتھے چڑھ کر اپنی زندگی بھر کی جمع پونجی لٹا بیٹھتے ہیں۔ ڈی جی نیب بلوچستان نے ایک بار پھر اس پختہ عزم کا اعادہ کیا کہ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی خصوصی ہدایات اور وژن کی روشنی میں بدعنوانی اور بد عنوان عناصر کی بیخ کنی کے لئے قومی احتساب بیورو بلا امتیاز قوانین کے مطابق کارروائی جاری رکھے گا۔